مہر خبر رساں ایجنسی کی رپورٹ کے مطابق ایران کے وزیر خارجہ حسین امیرعبداللہیان نے آرمینیا کے دفتر خارجہ میں آرمینیا کے وزیر خارجہ سے ملاقات اور گفتگو کی۔
اپنے آرمینیائی ہم منصب کے ساتھ گفتگو کے دوران ایرانی وزیر خارجہ حسین امیرعبداللہیان نے کہا کہ مجھے خوشی ہے کہ اس دورے کے دوران ہم قاپان میں ایرانی قونصلیٹ جنرل کے دوبارہ کھلنے کا مشاہدہ کریں گے۔
انہوں نے مزید کہا کہ یہ پیش رفت ایران اور آرمینیا کے درمیان تاریخی تعلقات میں گہرائی کی ایک اور علامت ہے۔ ایرانی وزیر نے کہا کہ ہم نے واضح طور پر قفقاز کے علاقے میں سرحدوں میں کسی بھی جیوپولیٹکل تبدیلی کی مخالفت کی ہے
انہوں نے کہاکہ آذربائیجان اور آرمینیا کے درمیان فوجی تنازعات نے خطے میں تشویش پیدا کر دی ہے۔ امیر عبداللہیان نے یہ بھی کہا کہ قفقاز کا خطہ ایک حساس دور سے گزر رہا ہے۔
انہوں نے مزید کہا کہ ہم سمجھتے ہیں کہ قفقاز کے علاقے میں ایک اصول کے طور پر ممالک کی علاقائی سالمیت کا احترام کرنے پر سنجیدگی سے توجہ دی جانی چاہیے۔
ایرانی وزیر خارجہ نے کہا کہ ہمیں خوشی ہے کہ تہران اور ایریوان کے درمیان تعلقات درست سمت پر گامزن ہیں اور آگے بڑھ رہے ہیں۔ انہوں نے مزید کہا کہ ہم آرمینیا کی سلامتی کو اسلامی جمہوریہ ایران کی سلامتی اور خطے کی سلامتی سمجھتے ہیں۔
انہوں نے اس بات پر بھی زور دیا کہ ہم نے واضح طور پر کسی بھی ایسے اقدام کے بارے میں اپنی تشویش کا اعلان کیا ہے جو خطے میں غیر ملکی افواج کی موجودگی کا سبب بنتا ہے۔
انہوں نے مزید کہا کہ آج کی رات مختلف شعبوں میں تعلقات کے فروغ کے حوالے سے نئے معاہدوں کا ایک اچھا موقع ہے۔