مہر خبررساں ایجنسی کی رپورٹ کے مطابق، عراق کی قومی سلامتی کے مشیر اور اعلی سیکورٹی کونسل کے سکریٹری قاسم الاعرجی نے جو کہ تہران میں ایک اعلی سطحی سیکورٹی وفد کی سربراہی کررہے ہیں، ایران کے وزیر خارجہ حسین امیرعبداللہیان سے ملاقات کی۔
ملاقات میں ایران کے وزیر خارجہ نے تہران اور بغداد کے درمیان تمام شعبوں میں تعلقات کو وسعت دینے پر تاکید کی اور عراقی کردستان کے علاقے میں مقیم مسلح دہشت گردوں سے نمٹنے کی ضرورت سمیت سلامتی کے میدان میں دونوں ممالک کے تعاون پر زور دیا۔ امیر عبداللہیان نے اس بات پر بھی زور دیا کہ دونوں ممالک کے درمیان تعلقات اسٹریٹجک اور امتیازی حیثیت کے حامل ہیں۔ مزید برآں یہ کہ ہم عراق کی سلامتی کو ایران کی سلامتی سمجھتے ہیں۔
انہوں نے مزید کہا کہ اسلامی جمہوریہ ایران اور جمہوریہ عراق کے درمیان اچھے تعلقات کو دیکھتے ہوئے ہم یہ توقع نہیں رکھتے کہ عراقی کردستان کے علاقے کی سرزمین کو دہشت گردانہ کارروائیوں کے ٹھکانے کے طور پر استعمال کیا جائے اور ایران کے خلاف خطرہ بن جائے۔
ایران کے وزیر خارجہ نے بغداد اور عراق کے کردستان ریجن سے مطالبہ کیا کہ عراق کے کردستان ریجن سے سرگرم دہشت گرد گروہوں اور نسل پرستی سے نمٹنے کی مکمل ذمہ داری لیں۔ انہوں نے مزید کہا کہ ہم ہمیشہ سے ایک خوشحال، آزاد اور خود مختار عراق چاہتے ہیں اور عراقی حکومت اور قوم کے لیے بھلائی کے سوا کچھ نہیں چاہتے تاہم کردستان کے علاقے میں دہشت گردوں کی مسلسل مسلح موجودگی اور ایران کی سلامتی کے خلاف ان کے اقدامات کو برداشت نہیں کریں گے۔
عراقی قومی سلامتی کے مشیر قاسم الاعرجی نے اپنی گفتگو کے دوران کہا کہ عراقی آئین ایسے لوگوں اور تحریکوں کو سرگرمیوں کی اجازت نہیں دیتا جو پڑوسیوں کے لئے خطرہ ہوں۔ عراقی سیکورٹی کے اعلیٰ عہدیدار نے یقین دلایا کہ ایران کے خلاف کسی بھی سیکورٹی مخالف اقدام کا مقابلہ مرکزی حکومت اور کردستان کی علاقائی حکومت کے اقدام سے کیا جائے گا اور عراق ایران کی سلامتی کو اپنی سلامتی سمجھتا ہے۔
خیال رہے کہ قاسم الاعرجی اس دورے کے دوران دیگر ایرانی حکام کے ساتھ بھی ملاقاتیں کریں گے۔ عراقی وزیر خارجہ نے گذشتہ منگل کو عراقی پارلیمنٹ کے اراکین کے اجلاس میں اعلان کیا تھا کہ ایک عراقی وفد قومی سلامتی کے مشیر کی سربراہی میں ایران کا دورہ کرے گا اور عراق کے کردستان ریجن میں دہشت گردوں کے ٹھکانوں پر ایران کے حالیہ حملوں کے بارے میں بات چیت کرے گا۔
اجراء کی تاریخ: 16 اکتوبر 2022 - 07:23
ایران کے وزیر خارجہ نے عراق کی قومی سلامتی کے مشیر سے ملاقات میں کہا کہ کردستان میں دہشت گردوں کی مسلسل مسلح موجودگی اور ایران کی سلامتی کے خلاف ان کے اقدامات کو برداشت نہیں کیا جائے گا۔