مہر خبر رساں ایجنسی کی رپورٹ کے مطابق، ایرانی آرمی کے سربراہ جنرل سید عبد الرحیم موسوی نے فوجی کمانڈروں اور سپاہ پاسداران انقلاب اسلامی کے جنرلوں کے ایک اجتماع سے خطاب کرتے ہوئے امام زمانہ ﴿عج﴾ کی امامت کے آغاز، ہفتہ وحدت اور ہفتہ پولیس کی مناسبت سے مبارک باد پیش کی اور کہا کہ پوری تاریخ کے دوران ایک نجات دہندہ کے ظہور کا انتظار کرنا اور اس پر عقیدہ رکھنا تمام مکاتب، مذاہب اور فرقوں میں گہرے انسانی تصورات میں سے ایک رہا ہے۔ انہوں نے مزید کہا کہ ایک انسان کامل کا ظہور جو دنیا کو عدل و انصاف اور بصیرت سے بھر دے گا، اس عقیدے کی جڑیں فطرت میں بھی ہیں اور مذاہب اور انسانی فکر کی تاریخ میں بھی ہیں۔
انہوں نے مزید کہا کہ انقلاب اسلامی نے انتظار کے اہداف اور صحیح تصور کو متعارف کرانے، منتظر نسل کے لیے ایک مثال قائم کرنے، عالمی مہدوی انقلاب کی امید اور آنے والے دور کے لیے انفرادی اور سماجی جہتوں میں معاشرے کے افراد کو تیار کرنے میں کردار ادا کیا ہے۔ اسلامی انقلاب ایک نئی اسلامی تہذیب کی تشکیل کا آغاز ہے جو زمین پر آخری الٰہی ذخیرے کے ظہور کے ساتھ وجود میں آئے گی۔
انہوں نے کہا کہ انقلاب اسلامی ایران کے دور میں جو کہ بہت سے شواہد کی بنا پر حضرت مہدی ﴿عج﴾ کے ظہور سے اتصال کا زمانہ ہے، شیطان بزرگ امریکہ اور اس کی ناجائز اولاد صیہونی جعلی حکومت ظلم اور تسلط پسند نظام کی سب سے بڑی علامت ہیں جو انقلاب اسلامی ایران کے روڈ میپ میں تجلی پانے والے انسانی سعادت کے راستے کے خلاف جدوجہد کے سرخیل ہیں۔
جنرل موسوی نے کہا کہ دشمن ہماری قوم سے "سلامتی" اور "امید" چھیننا چاہتے ہیں اور اس کی مقاومت اور مزاحمت کو ختم کرنا چاہتے ہیں لیکن ایرانی قوم ان کی سازشوں کو اچھی طرح جانتی ہے۔
انہوں نے مزید کہا کہ دشمن کی تمام تر کوششوں کے باوجود قوم ثابت قدم، پر امید، خود مختار اور مزاحمت پر قائم ہے۔
جنرل موسوی نے یہ بھی کہا کہ ایرانی قوم نے مختلف مواقع پر مشکل وقت کو کامیابی سے پیچھے چھوڑا ہے۔
انہوں نے ملک میں حالیہ ہنگامہ آرائیوں اور فسادات کا حوالہ دیتے ہوئے امریکہ اور بچوں کی قاتل اسرائیلی حکومت کو ایران کی سلامتی کے خلاف سازش کرنے کا ذمہ دار ٹھہرایا اور اعلان کیا کہ دشمن دیکھیں گے کہ وہ کہیں نہیں پہنچ سکیں گے اور ایرانی قوم سے ناامید ہوں گے۔
اپنے خطاب کے دوران ایک اور جگہ انہوں نے اس بات پر زور دیا کہ تمام ایرانی مسلح افواج بشمول فوج، سپاہ پاسداران اور قانون نافذ کرنے والے ادارے (پولیس) اور رضاکار فورسز بسیج دشمنوں کے خلاف متحد اور ایک پیج پر ہیں۔
انہوں نے مزید کہا کہ دشمن ایرانی قوم کو ترقی کی طرف گامزن نہیں دیکھنا چاہتے اور ملک کی دفاعی طاقت کو کمزور کرنا چاہتے ہیں۔