مہر خبررساں ایجنسی کی رپورٹ کے مطابق، ایرانی وزارت خارجہ کے ترجمان ناصر کنعانی نے اپنے انسٹاگرام اکاؤنٹ پر لکھا کہ اسلامی جمہوریہ اور اس کے عوام کے بارے میں دشمن کا رویہ ہمیشہ منافقت اور دوہرے معیار پر مبنی رہا ہے۔
انہوں نے زور دے کر کہا کہ حالیہ ہنگامہ آرائیوں کے دوران امریکی اور بعض یورپی سیاسی رہنماوں، ان کے ذرائع ابلاغ اور مغرب کے حمایت یافتہ فارسی میڈیا نے ایک افسوسناک واقعہ کا غلط استعمال کیا جو ابھی زیر تفتیش ہے اور انسانی حقوق کی حمایت کا نعرہ لگا کر فسادیوں اور ایرانی قوم کی سلامتی کو خطرے میں ڈالنے والوں کی حمایت میں کوئی کسر نہیں چھوڑی جبکہ اسلامی نظام اور ملک کی حمایت اور افراتفری کی شدید مخالفت میں ملک کے گلی کوچوں اور سڑکوں پر لاکھوں کی تعداد میں ایرانی قوم کی موجودگی کو نظر انداز کیا یا اسے حقیر سمجھا۔
انہوں نے مزید کہا کہ بلاشبہ ایرانی قوم کے خلاف دشمنوں کی ہائبرڈ جنگ اس بار تاریخ میں ان کی ذلت آمیز ناکامیوں کے سینکڑوں واقعات کے ساتھ درج ہوگی۔
سینئر ایرانی سفارت کار نے ایرانی قوم کے حقوق کے دفاع کا دعویٰ کرنے والوں پر زور دیا کہ بہتر ہے کہ اپنے جھوٹے اور کچے دھاگوں جیسے نعروں کو ایک طرف رکھیں اور ایرانی قوم کے خلاف کئی دہائیوں سے جاری ظالمانہ اور غیر انسانی پابندیوں کو ختم کریں۔
خیال رہے کہ لاکھوں ایرانی عوام نے ملک میں حالیہ مظاہروں کے دوران اسلامی مقدسات کی بے حرمتی اور فسادیوں کی طرف سے توڑ پھوڑ کی کارروائیوں کی مذمت کے لیے ملک بھر میں بڑے پیمانے پر ریلیاں نکالیں۔