مہر خبر رساں ایجنسی کی رپورٹ کے مطابق ایران کے صدر آیت اللہ سید ابراہیم رئیسی نے اپنے دورہ نیویارک کے دوسرے دن پاکستان کے وزیر اعظم شہباز شریف سے ملاقات کی اور کہا کہ ایران اور پاکستان کے تعلقات دو ہمسایوں کے درمیان عام تعامل نہیں ہیں بلکہ ثقافتی قربت اور ہزاروں سالوں سے مشترکہ عقیدے پر مبنی گہرے تعلقات ہیں۔
صدر رئیسی نے حالیہ سیلاب سے ہونے والے نقصانات پر پاکستانی عوام کے ساتھ ہمدردی کا اظہار کیا اور کہا کہ اسلامی جمہوریہ ایران پاکستانی سیلاب متاثرین کی مدد کے لیے جو کچھ کر سکتا ہے، اسے فراہم کرنے میں دریغ نہیں کرے گا۔
5 روز قبل سمرقند میں شنگھائی تعاون تنظیم کے سربراہی اجلاس کی سائڈ لائن پر پاکستانی وزیر اعظم سے ملاقات کا حوالہ دیتے ہوئے صدر رئیسی نے کہا کہ دونوں ملکوں کے حکام کے درمیان ملاقاتوں اور مشاورت میں اضافے سے تعاون کو فروغ دینے اور دونوں ملکوں کے درمیان تعلقات کی سطح کو بہتر بنانے پر تعمیری اثر پڑے گا۔
ملاقات میں وزیر اعظم پاکستان شہباز شریف نے بھی ایرانی صدر رئیسی سے پانچ دنوں کے دوران دو بار ملاقات پر خوشی کا اظہار کیا اور کہا کہ "یہ اس بات کی علامت ہے کہ ایران اور پاکستان ایک ہی خاندان کے افراد ہیں۔ ہم اپنے دوست اور برادر ملک ایران کے ساتھ بالخصوص اقتصادی اور تجارتی شعبوں میں زیادہ سے زیادہ تعلقات کو فروغ دینے میں دلچسپی رکھتے ہیں۔
پاکستان کے وزیر اعظم نے ایران کی حکومت اور عوام کی طرف سے اپنے ملک کے لیے بالخصوص حالیہ سیلاب کے دوران تعاون کو سراہا۔