ایران کی وزارت خارجہ کے ترجمان کا کہنا تھا کہ تعجب کا مقام ہے کہ امریکی فریق عمل اور رکاوٹوں کو دور کرنے کی بجائے اسلامی جمہوریہ ایران کے خلاف محض پروپیگنڈا کی تشہیراتی مہم چلا رہا ہے۔ 

مہر خبر رساں ادارے کی رپورٹ کے مطابق، ایران کی وزارت خارجہ کے ترجمان ناصر کنعانی نے پریس بریفنگ کے دوران صحافیوں کے سوالات کے جواب دیئے۔ صحافیوں نے جب ان سے ایرانی قیدیوں کے مسئلے کے متعلق امریکی وزیر خارجہ اور ایران کے امور میں امریکہ کے نمائندہ خصوصی کے اظہارات کے بارے میں پوچھا تو انہوں نے کہا کہ اسلامی جمہوریہ ایران نے جوہری معاہدے سے ہٹ کر بارہا امریکی فریق کو مختلف چینلز کے ذریعے قیدیوں کے مسئلے پر بات کرنے کے لئے اپنی آمادگی کا اعلان کیا ہے۔ 

ان کا کہنا تھا کہ ایران پہلے سے موجود سمجھوتے پر فوری عمل درآمد کے لئے آمادہ ہے اور ہم اس سمجھوتے پر عمل درآمد کے ذریعے امریکہ میں قید بے گناہ ایرانی قیدیوں کی رہائی اور جلد از جلد ان کی اپنے گھر والوں کے درمیان واپسی کو ممکن بنانے کے لئے تیار ہیں۔ یہ بے گناہ ایرانی شہری امریکہ کی ظالمانہ اور غیر قانونی پابندیوں کی خلاف ورزی کے جھوٹے اور بے بنیاد الزام کی وجہ سے اس ملک کے عدالتی نظام کی ناانصافی کا شکار ہوئے ہیں۔ 

کنعانی نے مزید کہا تعجب کا مقام ہے کہ امریکی فریق اس سلسلے میں عمل اور رکاوٹوں کو دور کرنے کی بجائے اسلامی جمہوریہ ایران کے خلاف محض پروپیگنڈا کی تشہیراتی مہم چلا رہا ہے۔