رہبر معظم انقلاب اسلامی حضرت آیت اللہ العظمی خامنہ ای نے قبائلی شہداء کی قومی کانگریس کے انتظامی اہلکاروں سے ملاقات میں فرمایا: دشمن کا منصوبہ عوام میں مایوسی پیدا کرنے ،ایمان کو کمزور بنانے اور حکام پر سے اعتماد ختم کرنے پر مبنی ہے۔

مہر خبررساں ایجنسی کی رپورٹ کے مطابق رہبر معظم انقلاب اسلامی حضرت آیت اللہ العظمی خامنہ ای نے قبائلی شہداء کی قومی کانگریس کے انتظامی اہلکاروں سے ملاقات میں فرمایا: دشمن کا منصوبہ عوام میں مایوسی پیدا کرنے ،ایمان کو کمزور بنانے اور حکام  کے خلاف عدم اعتماد کو فروغ دینے پرمبنی ہے۔

رہبر معظم انقلاب اسلامی نے اس ملاقات میں حضرت امام خمینی (رہ) کی قبائل سے متعلق تعبیر کی طرف اشارہ کرتے ہوئے فرمایا: حضرت امام (رہ) نے قبائل کوملک کے ذخائر سے تعبیر کیا تھا۔

رہبر معظم انقلاب اسلامی نے قبائل سے متعلق سمینار کو قبائل کی شناخت کے سلسلے میں بہترین فرصت قراردیتے ہوئے فرمایا: ایران اور اسلام کے دشمنوں نے آج سافٹ ویئر جنگ چھیڑ رکھی ہے لہذا قوم کے ہر شخص اور تمام قبائل کی ذمہ داری ہے کہ وہ ثقافتی محاذ پر دشمنوں کی کوششوں کو ناکام بنانے کے سلسلے میں ثقافتی پیداوار پر اپنی توجہ مبذول کریں اور ثقافتی محاذ پر دشمن کو شکست سے دوچار کرنے کے لئے سب کو متحد ہونا چاہیے۔

رہبر معظم انقلاب اسلامی نے گذشتہ تین دہائیوں میں قبائل کی استقامت اور پائداری کی طرف اشارہ کرتے ہوئےفرمایا: دشمنوں کی طرف سے قبائل کو اندرونی جنگ میں دھکیلنے اور ملک کے ساتھ غداری کرنے کی ہر ممکن کوشش کی گئی ، لیکن قبائل نے دشمنوں کی اس گھناؤنی سازش کو ناکام بنادیا اور ثابت کردیا کہ قبائل کو ملک کے ساتھ خاص لگاؤ ہے اور یہ قوم کا وفادار ترین حصہ ہے۔

رہبر معظم انقلاب اسلامی نے انقلاب اسلامی اور دفاع مقدس کے دوران قبائل کی فداکاری کو ان کی وفاداری کا شاندار نمونہ قراردیتے ہوئے فرمایا: دین عوام کے درمیان اتحاد، یکجہتی، پیشرفت اور فداکرای کا اصلی سبب ہے ۔

رہبر معظم انقلاب اسلامی نے شہداء کو دین و ایمان کا بہترین مظہر قراردیتے ہوئے فرمایا: دین حق کی خاطر شہداء نے فداکاری اور قربانی کے شاندار جلوے پیش کئے۔

رہبر معظم انقلاب اسلامی نے دشمن کے منصوبوں کی طرف اشارہ کرتے ہوئے فرمایا: دشمن کی طرف سے عوام کے ایمان کو کمزور بنانے ، عوام میں مایوسی پیدا کرنے اور حکام کی کوششوں کو ناکام ثابت کرنے کی کوشش جاری ہے اور ان اہداف کے سلسلے میں جو لوگ کام کررہے ہیں وہ بھی عمدی یا غیر عمدی طور پر دشمن کو مدد فراہم کررہے ہیں۔