مہر خبررساں ایجنسی نے اسپوٹنک کے حوالے سے نقل کیا ہے کہ روس اور امریکہ کے وزراء خارجہ لاوروف اور جان کیری نے شام میں وہابی دہشت گردوں کے خلاف کارروائی کے بارے میں تبادلہ خیال کیا ہے۔ روس اور امریکہ نے شام اور یوکرائن کے بارے میں باہمی تعاون پر تاکید کی ہے امریکی حکام کا کہنا ہے کہ روس داعش کے خلاف کارروائی میں امریکی اتحاد کا حصہ بن جائے لیکن روسی حکام کا کہنا ہے کہ وہ اس سلسلے میں امریکہ کے ساتھ تعاون کریں گے لیکن امریکی اتحاد میں شامل نہیں ہوں گے۔ روس نے اس سے قبل امریکہ پر زوردیا تھا کہ وہ شام میں داعش کے ٹھکانوں کے بارے میں اطلاعات اور معلومات فراہم کرے۔ روسی صدر کا کہنا ہے کہ بشار اسد کی حکومت واحد حکومت ہے جو دہشت گردوں کے خلاف نبرد آزما ہے لہذا بشار اسد کی حمایت بہت ضروری ہے اور شام میں روسی فضائی حملے شامی حکومت کی درخواست پر کئے جارہے ہیں۔
روس نے شام میں دہشت گردوں کے خلاف کارروائی کرکے ثابت کردیا ہے کہ امریکی اتحاد دہشت گردوں کے خلاف نہیں تھا بلکہ بشار اسد کی قانونی حکومت کے خلاف تھا اور روس نے دہشت گردوں کے خلاف فضائی کارروائی کرکے امریکہ اور اس کے اتحادیوں کے مکر و فریب کا پردہ چاک کردیا ہے۔