مہر خبررساں ایجنسی نے پاکستانی ذرائع کے حوالے سے نقل کیا ہے کہ پاکستان کےصوبہ سرحد کے دارالحکومت پشاور اور جنوبی ضلع بنوں میں ہونے والے دو خود کش حملوں میں کم از کم سترہ پاکستانی ہلاک اور پچاس کے قریب زخمی ہو گئے ہیں۔
پشاور میں خود کش حملہ فوج کے خفیہ ادارے آئی ایس آئی کے دفتر کے سامنے ہوا ہے جس میں اب تک بارہ افراد ہلاک اور تیس سے زائد زخمی ہوئےہیں۔ جبکہ بنوں میں حملے کا نشانہ ایک پولیس سٹیشن کو بنایا گیا اور اس حملے میں پانچ افراد ہلاک ہوئے ہیں۔
اطلاعات کے مطابق پشاور میں جمعہ کی صبح چھ بجکر پینتالیس پر بارود سے بھری گاڑی میں سوار ایک خودکش حملہ آور کو آئی ایس آئی کے دفتر کے سامنے واقع چیک پوسٹ پر تعینات اہلکاروں نے روکنے کی کوشش کی تو اس نے خود کو ایک دھماکے کے ساتھ اڑا دیا۔
پشاور کے لیڈی ریڈنگ ہسپتال کے ایک اہلکار نے بتایا کہ ابھی تک وہاں پر سات لاشیں لائی گئی ہیں جبکہ تیس زخمیوں کو طبی امداد فراہم کی جا رہی ہے۔
زخمیوں میں سے بعض کو سی ایم ایچ بھی پہنچایا گیا ہے۔دھماکہ اتنا شدید تھا کہ اس کی آواز بہت دور تک سنی گئی۔
دھماکے کی وجہ سے آئی ایس آئی کے دفتر کے دیوار مکمل طور پر گر گئی ۔ واقعہ کے فوری بعد فوج نے جائے وقوعہ پر پہنچ کر علاقے کو گھیرے میں لے لیا اور وہاں پر کوریج کرنے والے صحافیوں کو بھی ہٹا دیا گیا۔دھماکہ چونکہ صبح سویرے ہوا اس لیے اس وقت سڑک پر گاڑیوں اور پیدل چلنے والوں کی تعداد کم تھی۔
دوسری طرف صوبہ سرحد کے جنوبی ضلع بنوں میں بھی حکام کا کہنا ہے کہ ایک پولیس سٹیشن پر ہونے والے خودکش حملے میں کم از کم پانچ اہلکار ہلاک اور سولہ زخمی ہوگئے ہیں۔
آپ کا تبصرہ