مہر خبررساں ایجنسی کی رپورٹ کے مطابق، طبی، دندان سازی اور دوا سازی کے آلات کی بین الاقوامی نمائش ایران میڈ 2025 تہران میں شروع ہوگئی ہے۔ اس سال کی نمائش میں 35 ممالک سے تعلق رکھنے والی 300 ملکی و غیر ملکی کمپنیاں شریک ہیں۔ اس نمائش کا مقصد طبی آلات کی فراہمی میں جدت، معیار اور پائیداری کو فروغ دینا ہے۔
شرکاء کو مختلف شعبوں میں اپنی جدید مصنوعات پیش کرنے کا موقع دیا گیا ہے، جن میں دندان سازی کے آلات، امیجنگ مشینیں، مصنوعی اعضاء، جراحی کے آلات، انفیکشن کنٹرول، ڈسپوزیبل سپلائیز، حفظانِ صحت کی مصنوعات، تشخیصی و علاجی سامان، اسپتال فرنیچر، وہیل چیئرز، ایمبولینسز، لیبارٹری آلات اور دیگر شامل ہیں۔
اس موقع پر وزیر صحت محمدرضا ظفرقندی نے کہا ہے کہ ادویات اور طبی آلات کی تیاری میں خود کفالت حکومت کی ترجیح ہے، اور اس شعبے میں مکمل خود انحصاری حاصل کرنے کی کوشش کی جارہی ہے۔
میڈیکل آلات بنانے والوں کی یونین کے سربراہ عبدالرضا یعقوب زادہ کے مطابق، ایران سالانہ 20 ملین ڈالر مالیت کا طبی سامان 60 سے زائد ممالک کو برآمد کرتا ہے۔ ملک میں 70 فیصد طبی آلات اور 100 فیصد عام اسپتال بیڈز مقامی سطح پر تیار کیے جاتے ہیں۔ ICU اور CCU بیڈز کا 95 فیصد اور آپریٹنگ روم کے آلات کا 85 فیصد جدید ٹیکنالوجی کے ساتھ ایران میں ہی تیار ہوتا ہے۔
انہوں نے بتایا کہ ایران میں طبی آلات کی سالانہ ضرورت 3 سے 4 ارب ڈالر ہے، جس میں سے تقریباً 1 ارب ڈالر کا سامان درآمد کیا جاتا ہے۔ ملک میں 600 سے زائد کمپنیاں فعال ہیں، جو 99 فیصد ادویات اور 10,000 سے زائد اقسام کے طبی آلات تیار کر رہی ہیں۔
انہوں نے کہا کہ اب ایران میں مختلف لیبارٹری آلات غیر ملکی مصنوعات کے مقابلے میں کم قیمت پر تیار کیے جا رہے ہیں۔
آپ کا تبصرہ