رہبر معظم کے دفاعی مشیر جنرل صفوی نے کہا ہے کہ اگر قوم اتحاد کا مظاہرہ کرے تو دشمن کو آسانی سے شکست دی جاسکتی ہے۔

مہر خبررساں ایجنسی کے مطابق رہبر معظم کے دفاعی مشیر میجر جنرل سید یحیی صفوی نے دفاع مقدس کانفرنس کی تیاری کے سلسلے میں ہونے والے سیشن سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ ایرانی قوم نے دفاع مقدس کے دوران جرائت اور بہادری کا معجزہ دکھایا۔

جنرل صفوی نے دوسری جنگ عظیم کے دوران ایران پر قبضے کی سازشوں کا تذکرہ کرتے ہوئے کہا کہ دوسری جنگ عظیم کے دوران شاہی فوج دو دن بھی دشمن کے خلاف کھڑی نہیں ہو سکی۔ اس کی ایک اور مثال گذشتہ مہینوں کے دوران پیش آنے والے واقعات ہیں چنانچہ شامی فوج نے ایک گھنٹہ بھی تکفیری مسلح گروہ کے خلاف مزاحمت نہیں کی۔ اس کے برعکس دفاع مقدس کے دوران ایرانی عوام آٹھ سال تک تمام عالمی استکبار کے خلاف کھڑے رہے۔

انہوں نے کہا کہ ایران پر مسلط کردہ جنگ کو ختم 36 سال گزر چکے ہیں۔ ہمیں دفاع مقدس کے دور کے تجربات اور عوامل سے سبق سیکھنا چاہیے۔ ہمیں ان فتوحات کو ملک کو سنبھالنے اور موجودہ صورتحال پر قابو پانے اور ایک بہتر مستقبل کی تعمیر کے لئے استعمال کرنا چاہئے۔

رہبر معظم کے مشیر نے عوام میں امید پیدا کرنے کی ضرورت پر زور دیتے ہوئے کہا کہ ملکی حکام کو عوام کے مسائل حل کرنے چاہئے۔ مایوسی کا باعث بننے والے افکار اور سوچ کو ختم کرنا چاہئے۔ دفاع مقدس کے دوران تمام مسائل اور کوتاہیوں کے باوجود ہم کبھی مایوس نہیں ہوئے۔ مجاہدین اور مسلح افواج کا اعتماد اور ایمان ہماری فتح کا سبب بنا. اگر عوام متحد رہیں تو کوئی دشمن ہمیں شکست نہیں دے سکتا ہے۔