صہیونی حکومت نے غزہ میں حماس کے کمانڈر کو شہید کرنے کا دعوی کیا تھا تاہم حسین فیاض اچانک کیمرے کے سامنے آگئے۔

مہر خبررساں ایجنسی کے مطابق، غزہ کی جنگ کے دوران صہیونی حکومت کی سیاسی اور دفاعی شعبوں کے ساتھ انٹیلی جنس شعبے میں بھی ناکامیاں سامنے آرہی ہیں۔

صیہونی حکومت نے جنگ کے دوران حماس کے عسکری ونگ عز الدین القسام بریگیڈ سے وابستہ بیت حنون بٹالین کے کمانڈر حسین فیاض کو شہید کرنے کا دعوی کیا تھا تاہم حسین فیاض آج اچانک کیمروں کے سامنے نمودار ہوئے۔

فیاض آج صبح شمالی غزہ کے علاقے بیت حنون میں کیمروں کے سامنے پیش ہوئے اور غزہ میں جنگ بندی کے جواب میں بیانات دیے۔

صیہونی حکومت نے اس سے قبل دعوی کیا تھا کہ اس نے القسام بریگیڈ کے کمانڈر محمد ضیف اور ڈپٹی کمانڈر مروان عیسی کو شہید کر دیا ہے تاہم حماس کی جانب سے اس خبر کی تصدیق نہیں کی گئی۔

یاد رہے کہ 15 ماہ کی فضائی اور زمینی بمباری اور ہسپتالوں اور طبی مراکز، پناہ گزین کیمپوں اور لوگوں کے گھروں پر بمباری کے دوران صیہونی حکومت نے غزہ کو شدید نقصان پہنچایا لیکن آخر کار اپنے اہداف کے حصول میں ناکام ہونے کے بعد مقاومت کے سامنے ہتھیار ڈال دیے اور جنگ بندی پر رضامندی ظاہر کی۔