صہیونی میڈیا کے مطابق غزہ میں جنگ بندی کے معاہدے کے تحت صہیونی یرغمالیوں کے بدلے میں 1000 فلسطینی آزاد ہوں گے جبکہ روزانہ 600 ٹرک امدادی سامان غزہ بھیجا جائے گا۔

مہر خبررساں ایجنسی کے مطابق، غزہ میں جنگ بندی کے لئے حماس اور غاصب صہیونی حکومت کے درمیان جاری مذاکرات کے حوصلہ افزا نتائج سامنے آرہے ہیں۔

صہیونی چینل 12 نے غزہ میں جنگ بندی اور قیدیوں کے تبادلے کے ممکنہ معاہدے کی تفصیلات جاری کی ہیں۔ 

معاہدے کی رو سے مختلف مراحل میں صہیونی یرغمالیوں کی رہائی عمل میں آئے گی۔ پہلے دن 3 یرغمالی، ساتویں دن 4، چودھویں دن 3، اکیسویں دن مزید 3، اٹھائیسویں اور پینتیسویں دن بھی 3، 3 یرغمالی رہا کیے جائیں گے جبکہ آخری ہفتے میں باقی یرغمالی آزاد کیے جائیں گے۔

معاہدے کے پہلے مرحلے میں تقریباً 1000 فلسطینی قیدیوں کو رہا کیا جائے گا تاہم اس مرحلے میں حماس کے اعلی درجے کے قیدی شامل نہیں ہوں گے۔ اسی مرحلے میں غزہ کو روزانہ 600 امدادی ٹرک فراہم کیے جائیں گے اور صہیونی فوج نتساریم کے علاقے سے پیچھے ہٹ جائے گی۔

صہیونی چینل نے مزید کہا کہ 22 ویں روز سے غزہ کے رہائشی شمالی علاقے میں واپس جاسکیں گے۔ صہیونی فوج زیادہ تر فیلادلفیا سے پیچھے ہٹ جائے گی البتہ کچھ فوجی وہاں موجود رہیں گے۔

قطری اور مصری افواج پر مشتمل ایک ٹیم غزہ کے شمالی گزرگاہ پر گاڑیوں کی تلاشی لے گی۔

چینل12 کے مطابق معاہدے کا دوسرا مرحلہ 43 ویں روز شروع ہوگا اور 42 دن تک جاری رہے گا۔

عبرانی ذرائع نے تصدیق کی ہے کہ قطر کے وزیر اعظم جلد ہی ایک پریس کانفرنس میں غزہ میں جنگ بندی کے معاہدے کا باضابطہ اعلان کریں گے۔