مہر خبررساں ایجنسی کے مطابق، ملاقات میں ایرانی سفیر رضا امیر مقدم نے پاکستان سمیت ہمسایہ ممالک کے ساتھ تعاون کے فروغ کے بارے میں صدر ایران، مسعود پزشکیان کی حکومت کے وژن کی وضاحت کرتے ہوئے کہا کہ پاکستان کے ساتھ تجارت کا فروغ ہماری ترجیحات میں سر فہرست ہے۔
انہوں نے کہا کہ دونوں ممالک کو تجارتی لین دین میں حائل رکاوٹوں کو دور کرنے کے لیے وفاقی اور صوبائي حکومت کی سطح پر رابطوں اور ہم آہنگی کو فروغ دینا ہوگا۔ ایرانی سفیر نے پاکستان کے صوبہ بلوچستان کے وزیراعلیٰ بلوچستان میر سرفراز بگٹی کو دورہ ایران کی دعوت دی جسے انہوں نے بخوشی قبول کیا۔
اس ملاقات میں وزیراعلیٰ بلوچستان میر سرفراز بگٹی نے دونوں ہمسایہ ممالک کے درمیان دیرینہ تعلقات اور مضبوط عوامی رشتوں کی جانب اشارہ کرتے ہوئے کہا کہ "ایران اور پاکستان ہر موقع پر ایک دوسرے کے ساتھ کھڑے رہے ہیں"۔
میر سرفراز بگٹی نے ایرانی سفیر کے دورہ کوئٹہ کا خیر مقدم کرتے ہوئے کہا کہ ان کی حکومت ایران کے ساتھ دوطرفہ تجارت کے حجم کو بڑھانے اور مشترکہ سرحدوں پر اسمگلنگ کی روک تھام کے لیے پرعزم ہے۔
انہوں نے سرحدی علاقوں تک سامان رسد لے جانے والے ایرانی ڈرائیوروں کو درپیش مسائل حل کرنے کا بھی وعدہ کیا ہے۔ روزیراعلیٰ بلوچستان کا کہنا تھا کہ وہ جلد ایک اعلیٰ سطحی صوبائی وفد کے ہمراہ ایران کا دورہ کریں گے۔