وزیراعظم شہباز شریف نے کہا ہے کہ میزائل پروگرام کے سبب ہم پر عائد امریکی پابندیوں کا کوئی جواز نہیں، میزائل پروگرام پر کوئی کمپرومائز نہیں ہوگا۔

مہر خبررساں ایجنسی نے پاکستانی میڈیا کے حوالے سے نقل کیا ہے کہ کابینہ اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ چند دن قبل خوارج کے حملے میں ہمارے 17 اہلکار شہید ہوئے ان کے لیے دعا کی جائے۔ وزیراعظم کی درخواست پر اجلاس کے شرکا نے ان کے لئے دعائے مغفرت کی۔

وزیراعظم نے میزائل پروگرام پر امریکا کی جانب سے لگائی گئی پابندیوں پر اظہار مذمت کرتے ہوئے کہا کہ امریکا نے جو ہم پر پابندیاں عائد کی ہیں اس کا کوئی جواز نہیں، پاکستان قطعی طور پر کوئی ایسا ارادہ نہیں رکھتا کہ اس کا ایٹمی پروگرام جارحیت کا شکار ہوجائے اس کا مقصد صرف پاکستان کی دفاعی قوت میں اضافہ کرنا ہے یعنی اگر پاکستان کے خلاف خدانخواستہ کوئی کارروائی ہوتی ہے تو ہم اس کا دفاع کرسکیں۔