صہیونی ذرائع ابلاغ نے کہا ہے کہ حماس اور صہیونی حکومت کے درمیان قیدیوں کے تبادلے کے حوالے سے کوئی قابل ذکر پیشرفت نہیں ہوئی ہے۔

مہر خبررساں ایجنسی نے فلسطینی ادارے سماء کے حوالے سے کہا ہے کہ اسرائیل اور حماس کے درمیان قیدیوں کے تبادلے کے لئے ہونے والے مذاکرات میں تاحال کوئی قابل ذکر پیشرفت نہیں ہوئی ہے۔

اسرائیلی اخبار یدیعوت آحارونوت نے باخبر ذرائع کے حوالے سے کہا ہے کہ قیدیوں کے تبادلے کے حوالے سے مذاکرات میں کوئی حقیقی پیش رفت نہیں ہوئی اور فی الحال حماس کے جواب کا انتظار کیا جا رہا ہے۔

اخبار نے مزید لکھا کہ یہ ممکن نہیں لگتا کہ حماس جنگ کو روکے بغیر کسی جزوی معاہدے پر رضامند ہوجائے۔ اخبار کے مطابق موجودہ اندازے یہ ظاہر کرتے ہیں کہ سال کے آخر تک کسی معاہدے تک پہنچنا مشکل ہوگا اور اب تک کی پیش رفت توقعات سے کم رہی ہے۔

دوسری جانب صہیونی اخبار ہاآرٹز نے بھی باخبر ذرائع کے حوالے سے رپورٹ کیا کہ تبادلے کے حوالے سے ٹرمپ کی طے کردہ ٹائم لائن کے مطابق معاہدے تک پہنچنے کا امکان بھی کم ہے۔

ذرائع نے کہا کہ مذاکرات کے لیے مزید وقت درکار ہے، اور موجودہ خلا کو پر کرنا سیاسی قیادت کے فیصلوں پر منحصر ہے۔