کرمانشاہ کے شہر سرپل ذہاب میں تکفیری دہشت گردوں کے خلاف سپاہ پاسداران انقلاب کی کاروائی کی مزید تفصیلات سامنے آگئیں۔

مہر خبررساں ایجنسی کے مطابق، سپاہ پاسداران انقلاب اسلامی نے سرحدی صوبے کرمانشاہ میں تکفیری دہشت گرد عناصر کے خلاف کاروائی کرتے ہوئے تخریبی منصوبہ ناکام بنادیا ہے۔

سرحدی شہر سرپل ذہاب کے پراسکیوٹر امیر فیضی نے اس حوالے سے کہا ہے کہ گذشتہ ایک سال سے سیکیورٹی ادارے ایک ایسے گروہ کی سرگرمیوں پر نظر رکھے ہوئے تھے جو داعشی اور تکفیری نظریات رکھتا تھا۔

انہوں نے مزید کہا کہ یہ گروہ اس دوران رات کے وقت نشستیں رکھتے ہوئے نوجوانوں کو اپنی جانب راغب کرنے کی کوشش کررہا تھا۔ تکفیری گروہ نہ صرف نوجوانوں کو تکفیری اور داعشی تنظیموں کی طرف راغب کررہا تھا بلکہ ملکی سلامتی کے خلاف تخریبی منصوبے بھی بنانے کا بھی ارادہ رکھتا تھا۔

انہوں نے کہا کہ خوش قسمتی سے سپاہ پاسداران کی انٹیلیجنس کے گمنام سپاہیوں نے ٹھوس شواہد کی بنیاد پر ایک تکنیکی کارروائی کے ذریعے اس گروہ کے ارکان کی شناخت اور گرفتاری ممکن بنائی۔

انہوں نے کہا کہ اس آپریشن کے دوران 12 افراد کو گرفتار کیا گیا جو اس وقت زیرحراست ہیں۔