شام میں روسی فضائیہ کے حملوں میں 300 سے زائد تکفیری دہشت گرد ہلاک ہوگئے ہیں۔

مہر خبررساں ایجنسی نے شامی خبررساں ادارے کے حوالے سے کہا ہے کہ ادلب اور حلب میں شامی اور روسی فضائیہ تکفیری دہشت گردوں کے خلاف کاروائیاں کررہی ہیں۔

تازہ ترین اطلاعات کے مطابق جمعہ کی رات روسی فضائیہ نے حملہ کرکے 300 سے زائد دہشت گردوں کو حلب، حماہ اور ادلب کے مختلف مقامات پر ہلاک کردیا ہے۔

روسی فوجی مرکز کے ترجمان اولگ ایگناسویک نے کہا ہے کہ ترک، ازبک اور تاجک دہشت گردوں نے لاذقیہ میں حملہ کیا تاہم روسی فوج نے بروقت کاروائی کرتے ہوئے حملوں کو ناکام بنایا اور دہشت گردوں کو شدید نقصان پہنچایا۔

دراین اثناء المیادین نے کہا ہے کہ شامی فوج نے حمص اور حماہ کے درمیانی علاقے میں تکفیری دہشت گردوں کے کاروان کو نشانہ بنایا ہے۔ حماہ کی طرف جانے والے راستوں پر دہشت گردوں اور شامی فوج کے درمیان شدید لڑائی ہورہی ہے۔

چینل کے مطابق حماہ کے شہری لاذقیہ، طرطوس اور حمص کی طرف ہجرت کررہے ہیں۔