مہر خبررساں ایجنسی نے الجزیرہ کے حوالے سے کہا ہے کہ مقاومت کے ہاتھوں گذشتہ ایک سال کے دوران شدید نقصانات کے بعد امریکہ اور اسرائیل شام میں اپنے ایجنٹ تکفیریوں کو دوبارہ ورغلا رہے ہیں۔
اطلاعات کے مطابق حلب کے نزدیک واقع شہر سراقب دہشت گردوں میں قبضے میں چلاگیا ہے۔ تکفیری دہشت گردوں نے حلب شہر کے بعض مقامات پر کنٹرول حاصل کرنے کا دعوی کیا ہے۔
العربیہ نے کہا ہے کہ النصرہ فرنٹ کے دہشت گردوں نے حلب شہر میں سعداللہ اسکوائر پر قبضہ کرلیا ہے۔ شہر کے اندر تکفیری دہشت گردوں اور شامی فوج کے درمیان گھمسان کی جنگ ہورہی ہے۔
شامی فضائیہ زمینی فوج اور رضاکاروں کی مدد کررہی ہے۔ زمینی فوج کی گولہ باری اور جنگی طیاروں کی بمباری کی وجہ سے دہشت گردوں کو شدید نقصان ہوا ہے۔
دراین اثناء روسی فوج نے ایک بیان میں کہا ہے کہ گذشتہ 24 گھنٹوں کے دوران حلب اور ادلب میں روسی فوج کے حملوں میں کم از کم 200 دہشت گرد ہلاک ہوئے ہیں۔
اسپوٹنک کے مطابق شامی فوج نے حلب کے مغربی علاقے میں دہشت گردوں کو گرفتار کیا ہے۔