مہر خبررساں ایجنسی نے الجزیرہ کے حوالے سے کہا ہے کہ صہیونی وزیراعظم نتن یاہو نے اہم اور خفیہ اطلاعات فاش ہونے کے بعد تشویش کا اظہار کرتے ہوئے کہا ہے کہ اس سے اسرائیل کو مستقبل قریب میں نئے خطرات لاحق ہوسکتے ہیں۔
انہوں نے کہا ہے کہ کابینہ کے اندر سے لوگوں نے ان معلومات کو فاش کیا ہے۔ دشمن کو ہمارے بارے میں انتہائی اور قیمتی معلومات مل گئی ہیں۔
نتن یاہو نے کہا کہ صہیونی فورسز کے ہاتھوں گرفتار فلسطینیوں پر عقوبت خانوں میں ہونے والے ناروا سلوک کے بارے میں معلومات اور تصاویر منظر عام آنے سے ہمارے خلاف دنیا میں مزید احتجاج ہوگا اور دشمنوں کو ثبوت کے طور پر پیش کرنے کے لئے مواد مل گئے ہیں۔
انہوں نے کہا کہ خفیہ معلومات کو فاش کرنے کا مقصد میری آبرو ریزی اور مجھ پر دباو بڑھانا ہے۔ ان معلومات کے فاش ہونے کے بعد ہمارے جوانوں اور ان کے گھر والوں کی زندگیاں خطرے میں پڑ جائیں گی۔
نتن یاہو نے ایلی ولدشٹائن پر خفیہ معلومات کو فاش کرنے کے الزامات کے بارے میں کہا کہ ایلی محب وطن ہیں۔ وہ اسرائیل کی سلامتی کو خطرے میں نہیں ڈال سکتے ہیں۔
وزیراعظم نے مزید کہا کہ جنگ کے امور کے بارے میں کابینہ کے اجلاسوں، مذاکرات کاروں اور دیگر اہم اداروں کے بارے میں اہم اور حساس معلومات چوری ہوگئی ہیں۔ یرغمالیوں کے بارے میں ہونے والے اجلاس کی اندرونی خبر منظر عام پر آگئی جس میں صہیونی سیکورٹی حکام نے حماس کے سامنے لچک دکھانے کا مشورہ دیا۔ ان خبروں کے منظر عام پر آنے کے بعد حماس کا رویہ مزید سخت ہوگیا۔