امریکی اپیلٹ عدالت نے ایران کے مرکزی بینک کے خلاف کئی بلین ڈالر ہرجانے کی ادائیگی کا فیصلہ مسترد کردیا ہے۔

مہر خبررساں ایجنسی نے رائٹرز کے حوالے سے نقل کیا ہے کہ امریکی اپیلٹ کورٹ نے سنہ 1983 میں لبنان میں ہلاک ہونے والے امریکی فوجیوں کے اہل خانہ کو ایران کے مرکزی بینک کی جانب سے 1.680 ملین ڈالر ہرجانہ ادا کرنے کے فیصلے کو مسترد کردیا۔

اس سے قبل امریکہ کی ایک عدالت نے ایران کے مرکزی بینک کو حکم دیا تھا کہ وہ ان امریکی فوجیوں کے اہل خانہ کو معاوضہ ادا کرے جو 1983 میں بیروت میں امریکی میرین کور پر ہونے والے حملے میں ہلاک یا زخمی ہوئے تھے۔

ایران نے ہمیشہ اس حملے کے ساتھ کسی بھی تعلق کی سختی سے تردید کی ہے۔

مین ہٹن میں امریکی اپیلٹ کورٹ نے کہا کہ ماتحت عدالت کے جج کو سنٹرل بینک آف ایران اور لکسمبرگ میں کلیئر اسٹریم بینکنگ سروسز کمپنی کے خلاف فیصلہ سنانے سے پہلے ریاستی قوانین سے متعلق مسائل کو حل کرنا چاہیے تھا۔

عدالت نے امریکی وفاقی حکومت کے اس قانون کو بھی مسترد کردیا جو 2019 میں منظور کیا گیا تھا۔ قانون کے تحت ایرانی مرکزی بینک کی خودمختاری کو محدود کرتے ہوئے امریکہ سے باہر ایرانی مرکزی بینک کے اثاثوں کو منجمد کرنے کا حق دیا گیا تھا۔