مہر خبررساں ایجنسی کی رپورٹ کے مطابق، اقوام متحدہ کے جنیوا میں قائم دفتر میں ایران کے مستقل نمائندے علی بحرینی نے لبنان کے اقتصادی انفراسٹرکچر پر صہیونی حکومت کے حملوں پر شدید تشویش کا اظہار کیا ہے۔
انٹرنیشنل لیبر آرگنائزیشن کے بورڈ کے اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ عالمی برادری صہیونی حکومت کے حملوں کو روکنے اور اقتصادی انفراسٹرکچر کی تعمیر نو میں اپنا کردار ادا کرے۔
180 ممالک کے مزدور یونینوں کے نمائندوں کی موجودگی میں منعقد ہونے والے اجلاس میں ایران کے سفیر نے لبنان کے عوام کے ساتھ مکمل یکجہتی کا اظہار کیا اور عالمی برادری سے لبنان کی خودمختاری کی حمایت اور اس مشکل صورتحال میں ان کی مدد کا مطالبہ کیا۔
صیہونی حکومت نے 7 اکتوبر 2023 سے غزہ کی پٹی کے باشندوں کے خلاف تباہ کن جنگ شروع کر رکھی ہے، جس کے نتیجے میں بڑے پیمانے پر تباہی اور قحط کے علاوہ ہزاروں فلسطینی شہید ہوئے ہیں۔
غزہ کی پٹی کو کھنڈر میں تبدیل کرنے کے بعد صہیونی حکومت نے جنوبی لبنان کے مختلف علاقوں پر بڑے پیمانے پر حملے کیے ہیں۔