حزب اللہ نے تل ابیب سمیت مختلف شہروں میں صہیونی فوجی تنصیبات پر میزائل حملے کیے ہیں۔

مہر خبررساں ایجنسی نے الجزیرہ کے حوالے سے کہا ہے کہ حزب اللہ نے تل ابیب اور دیگر شہروں اور سرحدی قصبوں میں صہیونی فوجی تنصیبات اور ٹھکانوں پر میزائل حملے کیے ہیں۔

صہیونی ذرائع ابلاغ نے اس حوالے سے کہا ہے کہ جنوبی لبنان سے مقبوضہ قصبوں پر درجنوں راکٹ اور میزائل داغے گئے ہیں۔

کئی شہروں اور قصبوں میں حملوں کے بعد خطرے کے سائرن بجائے گئے ہیں۔

صہیونی فوج نے ایک بیان میں تل ابیب پر حزب اللہ کی جانب سے میزائل حملوں کی تصدیق کی ہے تاہم حملوں میں ہونے والے نقصانات کے بارے میں کوئی تفصیلات بتانے سے گریز کیا ہے۔

دوسری جانب حزب اللہ نے ایک بیان میں کہا ہے کہ کفر گیلادی میں صہیونی فوج کے ٹھکانے پر درجنوں راکٹ فائر کیے گئے ہیں جس کے نتیجے میں کئی صہیونی فوجی ہلاک یا زخمی ہوگئے ہیں۔

تنظیم نے دوسرے بیان میں شمالی فلسطین پر دو ڈرون حملوں کا بھی دعوی کیا ہے۔