حزب اللہ نے مقبوضہ فلسطین کے مختلف علاقوں پر وسیع حملے کیے ہیں۔

مہر خبررساں ایجنسی نے الجزیرہ کے حوالے سے کہا ہے کہ حزب اللہ نے مقبوضہ فلسطین میں مختلف مقامات پر صہیونی فوجی تنصیبات کو نشانہ بنایا ہے۔

صہیونی ذرائع نے کہا ہے کہ حزب اللہ نے حیفا بندرگاہ پر وسیع ڈرون حملے کیے ہیں۔ حملوں کے بعد شہر میں خطرے کے سائرن بجائے گئے ہیں اور شہریوں کو محفوظ پناہ گاہوں میں جانے کا حکم دیا گیا ہے۔

حزب اللہ نے ایک بیان میں کہا ہے کہ اسرائیل پر حملوں کا نیا دور شروع کیا گیا ہے جس میں کریات شمونہ، صفد اور سرحد پر واقع دیگر قصبوں کو ٹارگٹ کیا گیا ہے۔

بیان میں کہا گیا ہے کہ سرحدی قصبے خیام، ضھیرہ، راس النقورہ اور جل العلام میں فوجی ٹھکانوں کو نشانہ بنایا گیا ہے۔

دوسری جانب صہیونی ذرائع کے مطابق اسرائیلی فوج نے حزب اللہ کے وسیع حملوں کی تصدیق کرتے ہوئے مختلف شہروں میں دفاعی نظام کو فعال کرنے کا اعلان کیا ہے۔

اسرائیلی ذرائع نے حملوں میں ہونے والے نقصانات کے بارے میں کوئی تفصیلات نہیں بتائی ہے۔