حزب اللہ نے کہا ہے کہ تنظیم کے شعبہ اطلاعات کے سربراہ حسین علی ہزیمہ صہیونی حملے میں شہید ہوگئے ہیں۔

مہر خبررساں ایجنسی نے المیادین کے حوالے سے کہا ہے کہ لبنانی مقاومتی تنظیم حزب اللہ نے ایک بیان میں اپنے شعبہ اطلاعات کے سربراہ حسین علی ہزیمہ کی شہادت کی تصدیق کردی ہے۔

بیان میں کہا گیا ہے کہ الحاج حسین علی ہزیمہ المعروف ابو مرتضی کئی سالوں سے حزب اللہ کے شعبہ اطلاعات کے سربراہ تھے۔ گذشتہ ہفتوں کے دوران صہیونی حکومت کی جانب سے شہید ہاشم صفی الدین پر حملے میں الحاج حسین علی ھزیمہ بھی شہید ہوگئے ہیں۔

یاد رہے کہ صہیونی حکومت نے تین ہفتے پہلے بیروت کے علاقے ضاحیہ میں رہائشی مکانات پر شدید بمباری کی تھی جس میں حزب اللہ کے اعلی رہنما سید ہاشم صفی الدین اور دیگر اراکین شہید ہوگئے تھے۔