اقوام متحدہ میں ایران کے نمائندے نے اپنے خط میں صدر جوبائیڈن کی جانب سے صہیونی حکومت کے ایران پر ممکنہ حملے کے بارے میں بیانات پر تشویش کا اظہار کیا ہے۔

مہر خبررساں ایجنسی کی رپورٹ کے مطابق، اقوام متحدہ میں ایران کے نمائندے سعید ایروانی نے صہیونی حکومت کی جانب سے ایران کے خلاف ممکنہ حملے کے وقت کے بارے میں امریکی صدر کے بیانات پر تشویش کا اظہار کیا ہے۔

اقوام متحدہ کے سیکریٹری جنرل گوتریش اور سلامتی کونسل کی سربراہ پاسکل کرسٹن کے نام ایک خط میں ایرانی نمائندے نے کہا ہے کہ امریکی صدر کے بیانات صہیونی حکومت کو تشویق دلانے کے مترادف ہیں۔ کیونکہ اس سے امریکی حمایت اور تائید کا اشارہ ملتا ہے۔

اپنے خط میں انہوں نے مزید کہا ہے کہ صدر جوبائیڈن کے بیانات خطے میں امن اور سلامتی کے قیام کے بارے میں امریکی موقف سے تضاد رکھتے ہیں۔ امریکہ صہیونی حکومت کے لبنان اور فلسطین کے خلاف جارحیت اور بے گناہ لوگوں کے قتل عام میں بھی شریک ہے۔

ایرانی نمائندے نے کہا ہے کہ صہیونی حکومت کی جانب سے ایران کے خلاف کسی قسم کی کاروائی کی صورت میں امریکہ بھی برابر ذمہ دار ہوگا۔