مہر خبررساں ایجنسی کی رپورٹ کے مطابق، ایرانی وزیرخارجہ سید عباس عراقچی نے ترکی پہنچنے پر میڈیا کے نمائندوں سے گفتگو کرتے ہوئے کہا ہے کہ صہیونی حکومت کی لبنان اور فلسطین پر جارحیت سے جنگ کا دائرہ دوسرے ممالک تک پھیلنے کے خطرات بڑھ گئے ہیں۔ خطے کے تمام ممالک اس خطرے سے مشترکہ طور پر آگاہ ہیں۔
انہوں نے کہا کہ اردن اور مصر کے بعد ترکی کے دورے کا مقصد جنگ کے خطرات کے بارے میں تبادلہ خیال کرنا ہے۔
عراقچی نے مزید کہا کہ ترکی میں قفقاز کے موضوع پر ہونے والی کانفرنس کے دوران علاقائی ممالک کے وزرائے خارجہ سے ملاقاتیں ہوں گی اور خطے کی تازہ ترین صورتحال پر مذاکرات کیے جائیں گے۔
انہوں نے کہا کہ ایران اور ترکی کے درمیان ہمیشہ اچھے تعلقات رہے ہیں۔ ہمیں علاقائی مسائل اور بحرانوں کو مسالمت آمیز طریقے سے حل کرنا ہوگا تاکہ خطے میں امن قائم ہوجائے۔