ایرانی وزارت خارجہ کے ترجمان نے کراچی ائیرپورٹ پر ہونے والے دہشت گرد حملے کی شدید مذمت کی ہے۔

مہر خبررساں ایجنسی کی رپورٹ کے مطابق، ایرانی وزارت خارجہ کے ترجمان اسماعیل بقائی نے گذشتہ روز پاکستان کے ساحلی شہر کراچی میں ہونے والے دہشت گرد حملے کی شدید مذمت کی ہے۔

انہوں نے کہا کہ کراچی ائیرپورٹ پر ہونے والا دہشت گرد حملہ انسانی حقوق اور بین الاقوامی قوانین کی پامالی ہے۔ اس طرح کے واقعات کو روکنے کے لئے ملکوں کے درمیان تعاون اور ہماہنگی کی پہلے سے کہیں زیادہ ضرورت ہے۔

ترجمان نے کہا کہ اسلامی جمہوریہ ایران دہشت گردی کا مقابلہ کرنے اور دہشت گرد حملوں کو روکنے کے لئے ہمسایہ ممالک کے ساتھ تعاون کے لئے تیار ہے۔

یاد رہے کہ پیر کو کراچی ائیرپورٹ پر دہشت گرد حملہ ہوا تھا جس میں کئی افراد زخمی ہوئے تھے جبکہ جائے وقوعہ کے نزدیک موجود درجنوں گاڑیوں کو نقصان پہنچا تھا۔