ایران میں تحریک جہاد اسلامی فلسطین کے نمائندے نے کہا ہے کہ نماز جمعہ کے خطبے میں رہبر معظم نے حساس حالات میں انتہائی اہم گفتگو کی۔

مہر خبررساں ایجنسی کی رپورٹ کے مطابق، فلسطینی تنظیم تحریک جہاد اسلامی کے ایران میں نمائندے ناصر ابوشریف نے کہا ہے کہ رہبر معظم انقلاب اسلامی نے نماز جمعہ کے اجتماع سے خطاب کرتے ہوئے خطے کی کشیدہ صورتحال کے مطابق اہم گفتگو کی۔

انہوں نے کہا کہ رہبر معظم نے امت مسلمہ کو دشمن شناسی کی تاکید کی۔ آیت اللہ العظمی خامنہ ای نے مشرق وسطی میں صہیونی حکومت کے جرائم سے پردہ اٹھایا اور کہا کہ صرف فلسطین، لبنان، شام اور عراق صہیونی حکومت کا ہدف نہیں بلکہ پورے مسلمان ممالک امریکہ اور صہیونیوں کے نشانے پر ہیں۔

ناصر ابوشریف نے مزید کہا کہ رہبر معظم نے مقاومت کی راہ میں صبر و تحمل سے کام لینے کی تاکید کی۔ انہوں نے مقاومت کی کامیابی کو حتمی قرار دیا کیونکہ یہی اللہ کا بھی وعدہ ہے۔ مقاومت کی راہ میں ہم نے دولت، اولاد اور رہنماوں کو قربان کردیا لیکن اس کے باوجود اس راہ کو جاری رکھیں گے۔ یہ ایک الہی جنگ ہے لہذا کامیابی حتمی ہے۔

تحریک جہاد اسلامی کے نمائندے نے کہا کہ رہبر معظم نے عالم اسلام اور مقاومتی بلاک کو اپنے پیغام میں کہا کہ سید حسن نصراللہ سمیت مقاومتی رہنماوں کی شہادت نے ہمیں سوگوار کردیا اور ہمارے دل غمگین ہیں۔ ہماری جنگ ایمان کی جنگ ہے اس میں ہم ہی کامیاب ہوں گے۔ ہمیں اس امتحان الہی میں کامیاب ہونا ہوگا۔