مقبوضہ فلسطین کے شمالی علاقوں پر حزب اللہ کے میزائل حملوں کے بعد صہیونی محفوظ پناہ گاہوں میں گھس گئے ہیں۔

مہر خبررساں ایجنسی کی رپورٹ کے مطابق، لبنانی مقاومتی تنظیم حزب اللہ نے مقبوضہ فلسطین کے شمالی علاقوں پر شدید میزائل حملے کیے ہیں۔

یونیوز لبنان نے اپنی رپورٹ میں کہا ہے کہ الجلیل، علیا اور سہل الحولہ میں حزب اللہ کے حملوں کے بعد خطرے کے سائرن بجائے گئے ہیں۔

المیادین کے نامہ نگار نے کہا ہے کہ حزب اللہ نے مسکاف عام قصبے پر بھی میزائلوں سے حملہ کیا ہے۔ میزائل حملوں کے بعد صہیونی محفوظ پناہ گاہوں میں گھسنے پر مجبور ہوگئے ہیں۔

صہیونی چینل 12 نے کہا ہے کہ گذشتہ چند گھنٹوں کے دوران لبنان سے کم از کم دس میزائل فائر کئے گئے ہیں۔

صہیونی فوج اور حکومت کی جانب سے پابندی کی وجہ سے عبرانی میڈیا مقاومت کے حملوں میں ہونے والے نقصانات بتانے سے گریز کررہے ہیں۔