صیہونی سرکاری ذرائع ابلاغ نے اکتوبر کے آخر تک مقبوضہ علاقوں کی فضائی حدود کی بندش اور یورپ جانے والی پروازوں کو منسوخ کرنے کی اطلاع دی ہے۔

مہر خبررساں ایجنسی نے المیادین کے حوالے سے خبر دی ہے کہ صیہونی ذرائع ابلاغ نے اکتوبر کے آخر تک مقبوضہ علاقوں کی فضائی حدود کو مکمل طور پر بند کرنے کے فیصلے سے آگاہ کیا ہے۔ 

میڈیا رپورٹس کے مطابق مقبوضہ علاقوں سے یورپ کے لئے اکتوبر کے آخر تک تمام پروازیں منسوخ کر دی گئی ہیں۔ 

واضح رہے کہ غزہ کی پٹی اور لبنان کے خلاف صیہونی حکومت کی جارحیت میں اضافے کے بعد امریکہ اور یورپ کی متعدد فضائی کمپنیوں نے مقبوضہ علاقوں کے لئے اپنی پروازیں منسوخ کر دی ہیں۔ اس کے علاوہ یمنی مسلح افواج کے ترجمان یحیی سریع نے ہفتے کی رات ایک بیان میں تل ابیب کے بن گوریون ہوائی اڈے پر حملے کی اطلاع دی۔

یمنی مسلح افواج کے ترجمان نے کہا کہ ہم نے یافا ہوائی اڈے کو جسے اسرائیلی "بین گورین" کہتے ہیں، اس وقت "فلسطین 2" بیلسٹک میزائل سے نشانہ بنایا، جب مجرم نیتن یاہو وہاں پہنچے تھے۔