ایرانی وزارت خارجہ کے معاون غریب آبادی نے غیر جانبدار تحریک کے وزرائے خارجہ کی نشست کے دوران فلسطین میں صہیونی جارحیت کی مذمت کرتے ہوئے کہا کہ صہیونی حکومت عالمی امن کے لئے سنجیدہ خطرہ ہے۔

مہر خبررساں ایجنسی کی رپورٹ کے مطابق، ایرانی وزارت خارجہ کے قانونی اور بین الاقوامی امور کے معاون کاظم غریب آبادی نے غیر جانبدار ممالک کے وزرائے خارجہ کے اجلاس کے دوران فلسطین میں صہیونی حکومت کے مظالم کی شدید مذمت کرتے ہوئے کہا کہ اسرائیل عالمی امن کے لئے سنجیدہ خطرہ بن چکا ہے۔

انہوں نے کہا کہ گذشتہ سال اکتوبر کے بعد سے اب تک صہیونی حکومت کے حملوں میں غزہ اور غرب اردن میں ہزاروں بے گناہ فلسطینی شہید ہوچکے ہیں۔ صہیونی حکومت معصوم بچوں اور بے گناہ لوگوں کو عمدا نشانہ بنارہی ہے۔ فلسطین میں اسرائیل کے ہاتھوں انسانی حقوق اور بین الاقوامی قوانین کی کھلی خلاف ورزی ہورہی ہے۔

غریب آبادی نے کہا کہ عالمی برادری کی جانب سے صہیونی جنایات پر خاموشی فلسطینیوں کے قتل عام کی اجازت دینے کے مترادف ہے۔ عالمی برادری مزید خاموش نہیں رہ سکتی ہے۔ اسرائیل کے خلاف سنجیدہ اور واضح موقف اختیار کرنا اخلاقی اور انسانی فریضہ ہے۔

معاون وزیرخارجہ نے مزید کہا کہ لبنان میں مواصلاتی آلات کو عام شہریوں پر حملے کا ہتھیار بنانا دلیل ہے کہ صہیونی حکومت کو بین الاقوامی قوانین کی کوئی پروا نہیں ہے۔

انہوں نے کہا کہ فلسطین کی سرزمین پر جنگ کی بنیاد ایک جعلی حکومت ہے جو گذشتہ سات دہائیوں سے اس سرزمین پر قائم ہے۔ فلسطینیوں کا ہر اقدام اپنے جائز حق کے دفاع کے زمرے میں آتا ہے جس کی اقوام متحدہ جیسا ادارہ اجازت دیتا ہے۔