مہر خبررساں ایجنسی کے مطابق، غزہ حکومت کے دفتر سے جاری ایک بیان میں کہا گیا ہے کہ صہیونی فورسز نے اقوام متحدہ کی زیرنگرانی اسکول الجاعونی پر بمباری کی ہے جس کے نتیجے میں اقوام متحدہ کے کارکن سمیت متعدد فلسطینی شہید اور زخمی ہوگئے ہیں۔
روسیا الیوم نے ایک رپورٹ میں کہا ہے کہ صہیونی فوج نے اقوام متحدہ کے ذیلی ادارے انروا کے تحت چلنے والے اسکول پر فضائی بمباری کی اور سویلین کو نشانہ بنایا۔ اسکول میں فلسطینی شہری پناہ لیے ہوئے تھے۔
حملے کے بعد انروا نے کہا ہے کہ اسرائیلی فوج نے النصیرات کیمپ پر دو حملے کئے جس میں ادارے کے چھے کارکن ہلاک ہوگئے ہیں۔
ادارے کے مطابق کسی بھی صہیونی حملے میں سب سے زیادہ کارکن ہلاک ہونے کا یہ پہلا واقعہ ہے۔
یاد رہے کہ صہیونی فورسز کی بربریت سے بچنے کے لئے 5 ہزار فلسطینی انروا کے اسکولوں میں پناہ لینے پر مجبور ہوئے ہیں۔
بدھ کے دن اقوام متحدہ کے سربراہ انٹونیو گوٹریش نے کہا تھا کہ غزہ پر صہیونی حملے غیر قابل قبول ہیں اور اقوام متحدہ کے کارکنوں پر حملوں کی شدید مذمت کرتے ہیں۔