عراقی مقاومتی تنظیم کتائب حزب اللہ نے امریکی فوجی عمارت کے نزدیک ہونے والے حملے میں ملوث ہونے سے انکار کرتے ہوئے کہا ہے کہ حملے کا مقصد صدر پزشکیان کے دورہ عراق کو متاثر کرنا ہے۔

مہر خبررساں ایجنسی نے المیادین کے حوالے سے کہا ہے کہ بغداد میں امریکی فوج سے منسوب ایک عمارت پر ڈرون حملہ کیا گیا ہے۔

ابھی تک کسی گروہ یا تنظیم نے حملے کی ذمہ داری قبول نہیں کی ہے۔

حملے کے بعد عراقی مقاومتی تنظیم کتائب حزب اللہ کے ترجمان جعفر الحسینی نے ایک بیان میں حملے میں ملوث ہونے سے انکار کیا ہے۔

الحسینی نے اپنے بیان میں کہا ہے کہ بغداد میں آج ہونے والا حملہ مشکوک ہے۔ یہ حملہ ان عناصر کا کارستانی ہے جو ایرانی صدر پزشکیان کے دورہ بغداد کو سبوتاژ کرنا چاہتے ہیں۔

انہوں نے مزید کہا کہ ہم سیکورٹی ایجنسیوں سے مطالبہ کرتے ہیں کہ حملے کے بارے میں تحقیقات کرکے ملوث عناصر کو بے نقاب کریں۔

عراقی سیکورٹی اداروں کے مطابق واقعے کی تحقیقات شروع کی گئی ہیں۔