اجراء کی تاریخ: 30 اگست 2024 - 10:07

اقوام متحدہ میں چین کے نمائندے نے غزہ اور مغربی کنارے پر حملے پر صیہونی حکومت کو تنقید کا نشانہ بنایا۔

مہر خبررساں ایجنسی نے الجزیرہ نیوز کے حوالے سے بتایا ہے کہ غزہ میں غاصب صیہونی حکومت کی بربریت نے خاص طور پر ایسے ممالک میں بڑے پیمانے پر مخالفت کو جنم دیا ہے جو مغربی طاقت کے زیر اثر نہیں ہیں۔

اس بنا پر اقوام متحدہ میں چین کے نمائندے نے مغربی کنارے پر صیہونی افواج کے بڑے پیمانے پر حملے کے حوالے سے سلامتی کونسل کے اجلاس میں اس اقدام کی مذمت کی۔

انہوں نے کہا کہ اسرائیل مغربی کنارے میں بین الاقوامی قوانین اور سلامتی کونسل کی قراردادوں کی خلاف ورزی کر رہا ہے۔ اس علاقے میں صیہونی بستیاں پھیل رہی ہیں جب کہ اسرائیلی فوج فلسطینی شہریوں پر حملے کر رہی ہے اور انہیں گرفتار کرکے تشدد کا نشانہ بنا رہی ہے۔

 چینی مندوب نے مزید کہا کہ ہم مغربی کنارے کے جنین، تلکرم اور توباس میں اسرائیلی فوج کی وسیع کارروائیوں کا مشاہدہ کر رہے ہیں اور بیجنگ ان اقدامات کی شدید مذمت کرتا ہے۔

انہوں نے کہا کہ حال ہی میں تل ابیب کے فوجی حکام نے وہی طریقہ استعمال کرنے درخواست کی ہے جو اسرائیل نے غزہ میں اختیار کیا ہے۔ ہم اس پر حیران اور گہری تشویش میں مبتلا ہیں کیونکہ اب غزہ زمین پر جہنم بن چکا ہے۔

انہوں نے تاکید کی کہ ہم غزہ کے اسی انسانی المیے کو مغربی کنارے میں ہرگز دہرانے کی اجازت نہیں دیں گے کیونکہ اس کا مطلب مغربی کنارے کو زمین پر ایک اور جہنم میں تبدیل کرنا ہے۔