مہر خبررساں ایجنسی کے مطابق، فلسطین کی اسلامی مزاحمتی تحریک حماس کے سیاسی دفتر کے رکن اور عرب اور اسلامی تعلقات کے ذمہ دار "خلیل الحیہ" نے ٹیلی فونک گفتگو کے دوران سید عباس عراقچی کو اسلامی جمہوریہ ایران کے وزیر خارجہ منتخب ہونے پر مبارکباد دی۔
انہوں نے ایرانی وزیر خارجہ کے ساتھ غزہ میں جنگ بندی مذاکرات کی تازہ ترین صورتحال، مقبوضہ علاقوں میں صیہونی حکومت کے حالیہ جرائم اور مسجد اقصی کی ہئیت بدلنے کے لیے اس رجیم کے غیر قانونی اقدامات کے بارے میں تبادلہ خیال کیا۔
خلیل الحیہ نے فلسطینی عوام کی مزاحمت کی حمایت کے سلسلے میں شہید وزیر خارجہ امیر عبداللہیان کی کوششوں کو سراہتے ہوئے کہا کہ فلسطینی عوام اسلامی جمہوریہ ایران کی فلسطینی نظریات کی مسلسل حمایت اور صیہونیوں کے جرائم کے خلاف ان کی مزاحمت کو قدر کی نگاہ سے دیکھتے ہیں۔
عراقچی نے خلیل الحیہ کا شکریہ ادا کرتے ہوئے تاکید کی کہ فلسطین کے مظلوم عوام اور مزاحمت کی حمایت کے سلسلے میں اسلامی جمہوریہ ایران کی حکومت کی پالیسی جاری رہے گی۔
ایرانی وزیر خارجہ نے اس بات پر زور دیا کہ اسلامی جمہوریہ ایران غزہ میں جنگ بندی اور جنگ کے خاتمے کے لیے فلسطینی عوام اور مزاحمتی گروہوں کے لئے قابل قبول ایسے کسی بھی معاہدے کی حمایت کرے گا۔
عراقچی نے صیہونیوں کے جرائم کے خلاف غزہ کی عوام اور مزاحمت کی پچھلے گیارہ ماہ سے جاری استقامت کو سراہتے ہوئے اس اعتماد کا اظہار کیا کہ حتمی فتح فلسطینی عوام کی ہے اور اسلامی جمہوریہ ایران آخری دم تک ان کے ساتھ کھڑا رہے گا۔