اردن کے وزیر خارجہ نے عالمی برادری سے کہا کہ وہ مسجد الاقصی کے حوالے سے صہیونیوں کے اقدامات کے حوالے سے کارروائی کرے۔

مہر خبررساں ایجنسی نے الجزیرہ کے حوالے سے بتایا ہے کہ صہیونی حکام نے حالیہ مہینوں میں خاص طور پر مغربی کنارے میں فلسطینیوں پر دباؤ میں اس قدر شدت پیدا کردی ہے کہ اس خطے میں کشیدگی میں اضافے کے حوالے سے خطرات بڑھ گئے ہیں۔

اس سلسلے میں اردن کے وزیر خارجہ ایمن الصفدی نے عالمی برادری کو خبردار کیا کہ اس سے پہلے کہ مسجد اقصیٰ کے معاملے میں دیر ہو جائے، فوری اقدام کرے۔

  اردن کے وزیر خارجہ  نے سوشل پلیٹ فارم ایکس پر ایک پیغام میں لکھا: اقوام متحدہ کی سلامتی کونسل کو مغربی کنارے میں مسجد اقصیٰ میں مقدس مقامات پر بین الاقوامی قوانین کی خلاف ورزی کے خاتمے کے لیے فوری طور پر موثر اقدامات کرنے چاہییں۔
انہوں نے خبردار کیا: صیہونی حکومت نفرت انگیز نظریات کے ساتھ مسجد الاقصی کی نوعیت کو بدلنا چاہتی ہے۔ ہم عالمی برادری سے مطالبہ کرتے ہیں کہ اس معاملے میں مداخلت کرے اس سے پہلے کہ بہت دیر ہو جائے۔
واضح رہے کہ بین الاقوامی قوانین کے مطابق اردنی حکومت کو مسجد اقصیٰ کے مقدس مقامات کی نگہبان تصور کیا جاتا ہے۔ تاہم صہیونی حکام بیت المقدس کے مقدس مقامات کی بے حرمتی میں شدت پیدا کرکے فلسطینیوں کو اشتعال دلا رہے ہیں۔