مہر خبررساں ایجنسی کی رپورٹ کے مطابق، ایرانی صدر ڈاکٹر مسعود پزشکیان نے یورپی کونسل کے سربراہ چارلش مشل سے ٹیلفونک رابطہ کرتے ہوئے مشرق وسطی کی تازہ ترین صورتحال پر تبادلہ خیال کیا۔
اس موقع پر دونوں رہنماوں نے باہمی تعلقات اور صہیونی حکومت کے جارحانہ حملوں کی وجہ سے خطے میں پیدا ہونے بحران پر بھی گفتگو کی۔
صدر پزشکیان نے کہا کہ ایران ہمیشہ سے خطے اور عالمی سطح پر امن اور صلح کا خواہاں رہا ہے اسی لئے امن اور استحکام کے لئے درپیش خطرات کا مقابلہ کرنے میں ہر اول دستے کا کردار ادا کیا ہے۔
انہوں نے کہا کہ امریکہ اور یورپی ممالک کو دوغلی پالیسی ترک کرنا ہوگا کیونکہ اسی پالیسی کی وجہ سے صہیونی حکومت کو مجرمانہ حملوں کا حوصلہ مل رہا ہے۔ صہیونی حکومت کی وجہ سے خطے کا امن اور استحکام مسلسل خطرے میں ہے۔
انہوں نے کہا کہ اگر فریقین اپنے وعدوں پر عمل کریں تو ایران اور یورپ کے درمیان جوہری معاملات پر مذاکرات دوبارہ شروع ہوسکتے ہیں۔
اس موقع پر یورپی کونسل کے سربراہ نے امید ظاہر کی کہ ایران اور یورپی ممالک کے درمیان باہمی مفادات پر مشتمل تعلقات دوبارہ شروع ہوں گے۔
انہوں نے غزہ میں صہیونی حملوں کی بندش، جنگ بندی اور خودمختار فلسطین کے قیام پر تاکید کی۔