مہر خبررساں ایجنسی کے مطابق ایرانی وزارت خارجہ کے ترجمان ناصر کنعانی نے کہا ہے کہ غاصب صہیونیوں کا قبضہ ختم کرنے کے لئے فلسطینی قومی جماعتوں کا آپس میں مل بیٹھ اتفاق رائے پیدا کرنا انتہائی ضروری ہے جس کے نتیجے میں اسرائیل اور فلسطین کی تقدیر کا تعین ہوسکتا ہے۔
انہوں نے کہا کہ یہ اجلاس آزاد فلسطینی کے قیام کا راستہ مزید ہموار کرسکتا ہے۔
یاد رہے کہ فلسطینی تنظیموں الفتح اور حماس نے چین کے دارالحکومت بیجنگ میں ایک معاہدے پر دستخط کیے ہیں جس میں دونوں نے باہمی اختلافات کو صلح و مشورے سے حل کرنے اور اسرائیل کے ساتھ جنگ ختم ہونے کے بعد غزہ پر فلسطینیوں کا کنٹرول برقرار رکھنے کے منصوبے پر مل کر کام کرنے کا عزم ظاہر کیا ہے۔ معاہدے میں دو بڑی تنظیموں کے علاوہ 12 دیگر دھڑے بھی شامل ہیں۔
حماس اور الفتح کے نمائندوں نے اجلاس سے پہلے چینی وزیرخارجہ وانگ یی سے بھی ملاقات کی۔ اس موقع پر چینی وزیر خارجہ نے کہا کہ اس معاہدے کے بعد فلسطینی دھڑوں میں اتفاق رائے اور اتحاد کا امکان بڑھ گیا ہے۔