ایران کے نو منتخب صدر ڈاکٹر مسعود پزشکیان اور ملائیشیا کے وزیر اعظم انور ابراہیم نے غزہ کی پٹی میں فلسطینیوں کے خلاف غاصب صیہونی حکومت کی نسل کشی کی مذمت کی۔

مہر خبررساں ایجنسی کے مطابق، ملائیشیا کے وزیر اعظم انور ابراہیم نے بھی ڈاکٹر مسعود پزشکیان سے ٹیلی فون پر رابطہ کر کے انہیں صدارتی انتخابات میں کامیابی پر مبارکباد پیش کی اور تمام شعبوں میں دو طرفہ تعلقات میں توسیع کے لئے تمام امکانات و وسائل سے استفادہ کرنے کی خواہش ظاہر کی اور کہا کہ ملائیشیا اسلامی جمہوریہ ایران کے ساتھ تعلقات میں توسیع کو بہت زیادہ اہمیت دیتا ہے۔

ایران کے نو منتخب صدر نے بھی ملائیشیا کے وزیر اعظم کا شکریہ ادا کرتے ہوئے فلسطینیوں کے خلاف صیہونی حکومت کے ظالمانہ اقدامات کی مذمت پر مبنی ملائيشیا کے موقف کو سراہا۔

پزشکیان نے گفتگو میں تہران کوالالمپور دوستانہ تعلقات کا ذکر کرتے ہوئے کہا کہ ہم تمام امکانات کو مدنظر رکھتے ہوئے تمام شعبوں میں دونوں ممالک کے درمیان تعاون کو جاری رکھنے اور بڑھانے کی ضرورت پر زور دیتے ہیں، اور تعلقات کی ترقی کی راہ میں حائل رکاوٹوں کو دور کرنے کی کوشش کریں گے۔

دوسری جانب ملائیشیا کے وزیر اعظم نے پزشکیان کے ساتھ بات چیت کے بعد سوشل میڈیا پر لکھا کہ ہماری گفتگو میں ملائیشیا اور ایران کے درمیان دو طرفہ تعلقات، سرمایہ کاری اور تجارت کو مضبوط بنانے کے ساتھ ساتھ مختلف امید افزا شعبوں میں مزید تعاون کی تلاش کے لیے دونوں ممالک کے جاری عزم کا بھی احاطہ کیا گیا۔

انور ابراہیم نے اپنی فیس بک پوسٹ میں مزید لکھا کہ میں نےمسئلہ فلسطین کے حوالے سے ایران کی غیر متزلزل حمایت اور صیہونی حکومت کی جانب سے کی جانے والی ناانصافیوں اور نسل کشی کی مخالفت کو بھی سراہا۔