مہر خبررساں ایجنسی کی رپورٹ کے مطابق، حضرت امام حسین علیہ السلام کی کربلا میں یزیدی فوج کے ہاتھوں شہادت کے دن پر پاکستان کے مختلف شہروں میں مجالس عزا ہو رہی ہیں اور جلوس برآمد کیے جا رہے ہیں۔
کراچی میں 10 محرم الحرام کا مرکزی جلوس نشتر پارک سے برآمد ہوگا جوایم اے جناح روڈ ، تبت سینٹر سے ہوتا ہوا حسینیہ ایرانیان کھارادر پر ختم ہوگا۔
اس موقع پر کراچی کے مختلف علاقوں میں موبائل فون سروس متاثر ہے اور شہر میں آج بھی موٹر سائیکل کی ڈبل سواری ، اسلحے کی نمائش ، ہیلی کیم اور ڈرون اڑانے پر بھی پابندی عائد ہے۔
دوسری جانب لاہور میں یوم عاشور کا مرکزی جلوس نثارحویلی اندرون موچی گیٹ سے برآمد ہو گیا، جلوس آج شام کربلا گامے شاہ پہنچ کر ختم ہو گا۔
پنجاب بھر میں آج صرف جلوس اور مجالس والے علاقوں میں موبائل فون سروس معطل رہے گی۔
اس کے علاوہ پشاورکی مختلف امام بارگاہوں سے بھی یوم عاشور کے 12 جلوس برآمد ہوں گے۔
اسلام آباد میں یوم عاشور کا مرکزی جلوس صبح 11 بجے امام بارگاہ کرنل مقبول سے برآمد ہو گا جو مقررہ راستوں سے ہوتا ہوا امام بارگاہ قدیمی پر ختم ہو گا۔
علاوہ ازیں کوئٹہ میں 10 محرم کا مرکزی جلوس علمدار روڈ سے برآمد ہوگا۔ یوم عاشور کے موقع پر شہر میں موبائل فون سروس معطل ہے۔
کراچی، مرکزی جلوس نشتر پارک سے برآمد
کراچی میں یومِ عاشور کا جلوس نشتر پارک سے برآمد ہو کر اپنے مقرر کردہ راستوں پر گامزن ہے۔
مرکزی جلوس سے قبل نشتر پارک میں مرکزی مجلس ہوئی جس سے علامہ شہنشاہ حسین نقوی نے خطاب کیا۔
لاہور، یومِ عاشور کا مرکزی جلوس برآمد
لاہور میں یومِ عاشور کا مرکزی جلوس نثار حویلی اندرون موچی گیٹ سے برآمد ہو کر محلہ شعیاں پہنچ گیا۔
پشاور، یومِ عاشور کے 12 جلوس برآمد ہوں گے
پشاور کی مختلف امام بارگاہوں سے یومِ عاشور کے 12 جلوس برآمد ہوں گے، پہلا جلوس صبح11 بجے امام بارگاہ سید علی شاہ رضوی سے برآمد ہو گا۔
جلوسوں کی سیکیورٹی پر پولیس کے 14 ہزار افسران و اہلکار تعینات ہیں، جلوس کی گزرگاہوں کو کلیئر کرنے کے لیے بم ڈسپوزل یونٹ کے اہلکار موجود ہیں۔
جلوسوں کی طرف جانے والے تمام راستے سیل اور موبائل فون سروس بند ہے، سی سی ٹی وی کیمروں کے ذریعے ماتمی جلوسوں کی نگرانی کی جا رہی ہے۔
کوئٹہ، یومِ عاشور کے موقع پر موبائل فون سروس معطل
کوئٹہ میں یومِ عاشور کے موقع پر موبائل فون سروس معطل ہے۔
کوئٹہ میں یومِ عاشور کا جلوس آج صبح 9 بجے کے قریب علم دار روڈ سے برآمد ہوا۔
ملتان، 10 محرم کا مرکزی جلوس برآمد
ملتان میں 10 محرم الحرام کا مرکزی جلوس امام بارگاہ حرا حیدریہ سے برآمد ہو گیا۔
مرکزی جلوس شام 6 بجے درگاہ شاہ شمس تبریز پہنچ کر اختتام پزیر ہو گا۔
یومِ عاشور کے 116 ماتمی جلوس شہر کے مختلف علاقوں سے برآمد ہوں گے۔
جھنگ میں یوم عاشور کے موقع پر 249 جلوس اور 164مجالس ہوں گی، مرکزی جلوس امام بارگاہ حسینیہ دربار گوہر شاہ سے برآمد ہو گا۔
ٹوبہ ٹیک سنگھ، 78 جلوس، 13 مجالس ہوں گی
ٹوبہ ٹیک سنگھ میں یوم عاشور پر 78 جلوس اور 13 مجالس ہوں گی جبکہ مرکزی ماتمی جلوس امام بارگاہ حسینیہ جھنگ روڈ سے 10 بجے برآمد ہو گا۔
ماتمی جلوس مقررہ راستوں سے ہوتا ہوا شام 7 بجے اختتام پزیر ہو گا۔
مظفر گڑھ، موبائل فون سروس معطل
مظفر گڑھ میں 165 جلوس اور 279 مجالس منعقد ہوں گی، ضلع بھر میں موبائل فون سروس معطل ہے۔
ڈی پی او کا کہنا ہے کہ جلوسوں اور مجالس کی سیکیورٹی کے لیے 3 ہزار سے زائد اہلکار تعینات کیے ہیں۔
راجن پور، 67 مجالس اور 51 جلوس نکالے جائیں گے
ڈی پی او راجن پور کے مطابق راجن پور میں67 مجالس اور51 جلوس نکالےجائیں گے۔
انہوں نے بتایا کہ ضلع بھر میں یومِ عاشور کے موقع پر سیکیورٹی کے فول پروف انتظامات ہیں، موبائل اور انٹرنیٹ سروس معطل رہے گی۔
ادھر ہندوستان کے دارالحکومت نئی دہلی سمیت مختلف صوبوں میں ماتمی جلوس برآمد ہوں گے اس موقع پر سکیورٹی کے سخت انتظامات کئے گئے ہیں ۔ ہندوستان کے زير انتظام کشمیر کے مختلف شہروں میں بھی آج یوم عاشور مذہبی عقیدت اور احترام کے ساتھ منایا جارہا ہے۔
10محرم مسلمانوں کے غم کا اظہار کا ذریعہ ہے اور اس اظہار کے لئے مسلمان بڑی تعداد میں ماتم کرتے ہیں۔ دہلی سمیت کئی ریاستوں کی پولیس نے اس بات کو یقینی بنانے کے لیے ٹریفک ایڈوائزری جاری کی ہے کہ آج یعنی 17 جولائی 2024 کو محرم کے جلوس بحفاظت راستوں سے گزریں۔ دہلی پولیس کی طرف سے جاری ٹریفک ایڈوائزری کے مطابق کئی سڑکوں پر جام کی صورتحال رہے گی۔
محرم کا جلوس جامع مسجد چوک سے شروع ہو کر حوز قاضی، اجمیری گیٹ، پہاڑ گنج، چیلمسفورڈ روڈ، نئی دہلی ریلوے اسٹیشن، آؤٹر سرکل کناٹ پلیس، سنسد مارگ، پٹیل چوک، رفیع مارگ، ریل بھون ، سنہری مسجد، سنہری باغ روڈ،کرشنا مینن مارگ، تغلق روڈ، اروبندو مارگ، جور باغ سے ہوتا ہوا کربلا پہنچے گا۔ دہلی پولیس کے مطابق متھرا روڈ، مہرولی-بدر پور بارڈر، پنکھا روڈ سمیت کئی مقامات پر ٹریفک متاثر ہو سکتا ہے۔
اتر پردیش کے کئی شہروں کے لیے ٹریفک ایڈوائزری بھی جاری کی گئی ہے۔ ٹریفک ایڈوائزری کے مطابق منصور نگر تیراہا سے ٹوڈیا گنج یا شیعہ یتیم خان، ٹپے والی گلی جانے کے لیے کشمیری محلہ سے گزرنا ہوگا۔ رکاب گنج پل چوراہے سے جانے کے لیے میڈیکل کالج سے گزرنا پڑے گا۔ میڈیکل کراس (کملا نہرو) چوراہے سے کوئی گاڑی مے فیئر تیراہا (وکٹوریہ اسٹریٹ)، نخاس کی طرف نہیں جا سکے گی۔
محرم کے موقع پر نوئیڈا میں مختلف مقامات پر جلوس نکالے جائیں گے۔ آئی اے این ایس کی رپورٹ کے مطابق، نوئیڈا میں محکمہ ٹریفک نے پہلے ہی ڈائیورشن پلان بنا رکھا ہے، تاکہ لوگوں کو پریشانی کا سامنا نہ کرنا پڑے۔گوتم بدھ نگر پولس کمشنریٹ کے ٹریفک محکمہ کی طرف سے جاری کردہ ڈائیورژن پلان کے مطابق، جلوس 17 جولائی کی صبح تقریباً 11 بجے A-69 سیکٹر 22 سے شروع ہو کر چوڈا موڑ، اڈوبی چوراہے سے ہوتا ہوا وی وی گری انسٹی ٹیوٹ کے سامنے پہنچے گا۔ این ٹی پی سی کے سامنے سے پرکاش اسپتال، سمترا اسپتال، مورنا بس اسٹینڈ کے سامنے سے اور سیکٹر-50 مارکیٹ اور رامگیا اسکول کے سامنے سے یو ٹرن لے کر سیکٹر-50، نوئیڈا جائے گا۔
ممبئی میں دھاراوی کے علاقے میں محرم کا جلوس دھاراوی 60 فٹ روڈ، 90 فٹ روڈ، ماہم سیون لنک روڈ، سنت روہیداس روڈ اور آس پاس کے علاقوں سے نکالے جائیں گے۔ اس کے پیش نظر ایس ایل راہیجاروٹ جنکشن سے سیون ماہم لنک روڈ پر ٹی جنکشن تک گاڑیوں کی آمدورفت بند رہے گی۔ ایس ایل راہیجا اسپتال سے ٹی جنکشن کی طرف آنے والی گاڑیوں کا راستہ سینا پتی باپت مارگ سے موڑ دیا گیا ہے۔کئی علاقوں میں جلوس کی وجہ سے راستے تبدیل کر دئے گئے ہیں تاکہ عوام کو کم سے کم پریشانی ہو۔