ایرانی وزارت خارجہ کے ترجمان نے مغربی میڈیا کی افواہوں اور جعلی خبروں کا مقابلہ کرنے کے لئے برکس گروپ کا مشترکہ انفارمیشن نیٹ ورک تشکیل کی تجویز دی ہے۔

مہر خبررساں ایجنسی کے مطابق، ایرانی وزارت خارجہ کے ترجمان ناصر کنعانی نے برکس وزرات خارجہ کے ترجمانوں کے اجلاس کے دوران کہا کہ جدید زمانے میں میڈیا میں افواہوں اور جعلی خبروں کا مقابلہ کرنے کے لئے اطلاعات کے شعبے میں رکن ممالک کا مشترکہ نیٹ ورک قائم کرنے کی ضرورت ہے۔

روس کے دارالحکومت ماسکو میں ہونے والے اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ عالمی میڈیا کی آزادی اور صحیح خبروں کی رسائی میں برکس ممالک اہم کردار ادا کرسکتے ہیں

کعنانی نے برکس ممالک کے درمیان اطلاعات اور خبروں کے تبادلے کے لئے برکس انفارمیشن نیٹ ورک کی تشکیل پر زور دیا۔

انہوں نے کہا کہ مغربی ممالک کی گمراہ کن اور جعلی خبروں کا بہاو روکنے اور یکطرفہ و غیر منصفانہ پابندیوں کا اثر زائل کرنے میں برکس انفارمیشن نیٹ موثر ثابت ہوسکتا ہے۔

ایرانی وزارت خارجہ کے ترجمان نے مزید کہا کہ میڈیا ڈپلومیسی اب سفارتی فعالیت کا لازمی جز بن گئی ہے۔ اسی چینل کے ذریعے مختلف ممالک اپنے پیغامات، حکمت عملی اور موقف کو دنیا تک پہنچاتے ہیں۔

انہوں نے کہا کہ ایران عالمی سطح پر صحیح خبررسانی اور معلومات کے تبادلے میں برکس ممالک کے ساتھ تعاون کے لئے تیار ہے۔