ہزاروں صہیونیوں نے نتن یاہو کے خلاف مقبوضہ علاقوں میں احتجاج اور ریلی نکالی اور حماس کے ساتھ مذاکرات کا مطالبہ کیا۔

مہر خبررساں ایجنسی کی رپورٹ کے مطابق، صہیونی وزیر اعظم بنیامین نتن یاہو پر ہر گزرتے دن کے ساتھ اندرونی اور بیرونی سطح پر دباؤ بڑھ رہا ہے۔

ہفتے کی رات مقبوضہ فلسطین کے مختلف شہروں اور قصبوں میں ہزاروں صہیونیوں نے احتجاجی ریلی نکال کر نتن یاہو کے اقدامات کو تنقید کا نشانہ بنایا۔

مظاہرین غزہ میں جنگ بندی اور حماس کے ساتھ جنگی قیدیوں کے تبادلے کے لیے مذاکرات شروع کرنے کا مطالبہ کررہے تھے۔

اس موقع پر گزشتہ مہینے ایک سخت آپریشن کے دوران آزاد ہونے والے صہیونی یرغمالی آلمگ میرجان نے کہا کہ حماس کے ہاتھوں یرغمال اسرائیلیوں کی رہائی اہم اور ضروری ہے تاکہ جوانوں کی مائیں اپنے لال کو آغوش میں کے سکیں جس طرح میں آج اپنی ماں کے آغوش میں ہوں۔