مہر خبررساں ایجنسی کی رپورٹ کے مطابق، قازقستان کے دارالحکومت آستانہ میں شنگھائی تعاون تنظیم کا چوبیسویں اجلاس منعقد ہورہا ہے جس میں رکن ممالک کے سربراہان مملکت شرکت کررہے ہیں۔
اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے ایرانی قائم مقام صدر محمد مخبر نے کہا کہ تنظیم کے رکن ممالک تجارت، توانائی، نقل و حمل اور زراعت کے شعبوں میں وسیع مواقع کے حامل ہیں۔ ان صلاحیتوں کو رکن ممالک کی فلاح و بہبود، پائیدار امن کے استحکام اور خطے اور پوری دنیا کی جامع ترقی کے لیے استعمال کیا جائے۔
انہوں نے کہا کہ ہم تنظیمی سطح پر مشترکہ آزاد تجارتی زونز کے نیٹ ورک کی تشکیل شروع کرنے اور ترجیحی بنیادوں پر آزاد تجارتی معاہدے کی تجویز پیش کرتے ہیں۔
مخبر نے رکن ممالک سے مطالبہ کیا کہ وہ غزہ کی پٹی کے مظلوم فلسطینی عوام کے خلاف صیہونی حکومت کی بربریت اور نسل کشی بند کرنے کے لیے موثر اقدامات کریں۔ بدقسمتی سے گزشتہ 9 مہینوں کے دوران ہم صیہونی حکومت کے ہاتھوں غزہ کی بے گناہ خواتین اور بچوں کے قتل عام، جنگی جرائم، بڑے پیمانے پر قتل عام کا مشاہدہ کر رہے ہیں۔
انہوں نے کہا کہ ہم غزہ کے مظلوم عوام کے خلاف صیہونی حکومت کے وحشیانہ جرائم کی شدید مذمت کرتے ہیں۔ ہم صیہونی حکومت کے جنگی جرائم کو فوری طور پر روکنے کے لیے شنگھائی تعاون تنظیم کے اراکین پر زور دیتے ہیں کہ مظلوم فلسطینیوں کو انسانی امداد بھیجنے کے لیے عملی اقدامات کریں اور تمام غزہ کے لیے فوری، کافی اور بلا روک ٹوک انسانی امداد بھیجنے کے لیے اقدامات کریں۔