مہر خبررساں ایجنسی نے الجزیرہ کے حوالے سے کہا ہے کہ اسپین نے غزہ میں انسانی حقوق کی سنگین خلاف ورزیوں پر جنوبی افریقہ کے ساتھ مل کر صہیونی حکومت کے خلاف شکایت کا فیصلہ کیا ہے۔
اسپین کے وزیرخارجہ جوز مینوئل الباریز نے کہا کہ مشرق وسطی میں کشیدگی میں اضافے پر ہمیں شدید تشویش ہے۔ ہم نے غزہ میں فوجی آپریشن پر اسرائیل کے خلاف جنوبی افریقہ کے ساتھ مل کر عالمی عدالت میں شکایت کا فیصلہ کرلیا ہے۔
ہسپانوی وزیرخارجہ نے مزید کہا کہ میڈرڈ عالمی عدالت کے ساتھ مل کر رفح میں صہیونی حکومت کی فوجی کاروائیاں بند کروانے کی کوشش کرے گا۔ بین الاقوامی عدالت کا رکن ہونے کے ناطے اسپین عالمی عدالت کی مدد کرے گا تاکہ اقوام متحدہ مزید مضبوط ہوجائے۔
اس سے پہلے اسپین نے دوسرے یورپی ممالک کے ساتھ مل کر فلسطین کو خودمختار تسلیم کرنے کا اعلان کیا تھا جن میں آئرلینڈ، ناروے اور سلووینیا شامل ہیں۔