مہر خبررساں ایجنسی، سیاسی ڈیسک؛ ایران میں صدارتی انتخابات کے سلسلے میں جمعہ 28 جون کو ووٹنگ ہوئی۔ دنیا بھر سے تعلق رکھنے والے 200 سے زائد صحافیوں نے اتنخابات کی کوریج میں حصہ لیا۔ پولنگ شروع ہوتے ہی بین الاقوامی ذرائع ابلاغ کے نمائندوں نے کوریج شروع کی۔ اہم نیوز ایجنسیوں نے ایرانی صدارتی انتخابات کو خصوصی اہمیت دیتے ہوئے ہیڈ لائن میں رکھا۔
انتخابی امیدواروں اور کامیابی کے امکانات کے حوالے سے تبصرے شائع کئے گئے۔
ترکی کے معروف اخبار حریت نے صدارتی انتخابات پر تبصرہ کرتے ہوئے شہید رئیسی کو پیش آنے والے فضائی حادثے کے بارے میں تجزیہ کیا۔
آئی خبر نے لکھا ہے کہ صدر رئیسی کی فضائی حادثے میں المناک موت کے بعد صدارتی انتخابات میں چھے کروڑ دس لاکھ سے زائد ووٹرز اپنے حق رائے دہی کا استعمال کریں گے۔
ٹی آر ٹی نے انتخابات کے حوالے سے لکھا ہے کہ ایرانی وزارت داخلہ کے مطابق تقریبا 62 ملین افراد ووٹ دینے کے اہل ہیں۔ دنیا کے 95 ممالک میں ایرانی شہریوں کو ووٹنگ میں شریک کرنے کے لئے پولنگ اسٹیشنز قائم کئے گئے ہیں۔
قطر کی ویب سائٹ العربی الجدید نے لکھا ہے کہ جمعہ کی صبح 8 بجے شروع ہونے والے انتخابات میں ایرانی شہریوں کی بھاری اکثریت کی شرکت متوقع ہے۔ مبصرین کے مطابق مسعود پزشکیان اور سعید جلیلی کی کامیابی کے امکانات واضح ہیں۔
برطانوی جریدے دی گارڈئین نے لکھا ہے کہ 61 ملین سے زائد ایرانی شہری صدر مملکت کے انتخاب میں حصہ لینے کے لئے تیار ہیں۔ اخبار نے شہید صدر رئیسی کے فضائی حادثے میں شہادت کے بارے میں تبصرہ کیا ہے۔
امریکی نیوز ایجنسی ایسوسی ایٹڈ پریس نے کہا ہے کہ ایرانی شہری صدر مملکت کے انتخاب کے لئے ووٹ دیں گے۔ ایران میں ایسے وقت میں صدارتی انتخابات ہورہے ہیں جب غزہ میں جنگ عروج پر ہے۔
اسپوٹنک نے اپنے تبصرے میں لکھا ہے کہ کئی ملین ایرانی صدر مملکت کے چناؤ میں حصہ لینے کے لئے پولنگ اسٹیشنز کا رخ کریں گے۔ صدر رئیسی کی شہادت کے 50 دنوں کے اندر صدارتی انتخابات ہورہے ہیں۔ اس مدت میں محمد مخبر ملک کے قائم مقام صدر رہے۔
المیادین نے ایران کے مختلف صوبوں اور شہروں میں اپنے نمائندوں تعیینات کرکے انتخابات کی کوریج کی۔ تہران، مشہد اور اصفہان سے المیادین کے نمائندے براہ راست انتخابات کی صورتحال کے بارے میں اپڈیٹ کرتے رہے۔
نیوریارک ٹائمز نے ایرانی صدارتی انتخابات کے بارے میں خصوصی مطالب شائع کئے ہیں اور لکھا ہے کہ ایرانی عوام صدر مملکت کے انتخاب کے لئے پولنگ اسٹیشنز پر حاضری دیں گے۔
اخبار نے لکھا ہے کہ نومنتخب ایرانی صدر ملکی اور علاقائی مسائل کے حوالے سے چیلنجز درپیش ہوں گے۔
ٹائمز آف انڈیا نے لکھا ہہے کہ صدر رئیسی کی ہیلی کاپٹر حادثے میں شہادت کے بعد ایران میں صدارتی انتخابات ہورہے ہیں۔ جمعہ کے دن ایرانی عوام انتخابات میں ووٹ دیں گے۔ اخبار نے صدارتی امیدواروں کے بارے میں بھی تبصرے شائع کئے ہیں۔
امریکی نیوز ایجنسی فوربس نے رہبر معظم کی جانب سے ووٹ دینے کے مناظر کو براہ راست نشر کیا اور صدارتی انتخابات کے بارے میں تبصرے پیش کئے۔
فرانس 24 نے صدارتی انتخابات کے بارے میں کہا ہے کہ تہران لوگ لمبی صفوں میں ووٹ دینے کے لئے منتظر ہیں۔ فرانس 24 نے چاروں صدارتی امیدواروں اور مستقبل کے صدر کو درپیش مسائل پر تبصرہ بھی کیا ہے۔
روسیا الیوم نے اپنے تبصرے میں لکھا ہے کہ ایرانی عوام کی بڑی تعداد نے ووٹنگ میں شرکت کی۔ ادارے نے اپنی ویب سائٹ پر پولنگ کے وقت میں توسیع کے حوالے سے بھی اپڈیٹ پیش کیا۔ روسیا الیوم نے صدارتی انتخابات کے حوالے سے ایرانی ماہرین سے انٹرویو بھی لیا۔