مہر خبررساں ایجنسی کے مطابق، علامہ شیخ محمد حسن جعفری نے مرکزی جامع مسجد سکردو پاکستان میں جمعہ کے اجتماع سے خطاب میں عالم اسلام، فلسطین، پاکستان کے حالات اور خاص طور پر ارض بلتستان پر رونما کچھ غیر اخلاقی سرگرمیوں کی جانب مؤمنین کو متوجہ کراتے ہوئے کہا کہ معاشرہ دنیاداری کی طرف راغب ہوگیا ہے اور لوگ دینی اقدار کو پس پشت ڈال کر زندگی کے امور نمٹا رہے ہیں، جو کہ انہتائی تشویشناک ہے۔
انہوں نے کہا کہ 4 جون کو عالم اسلام کی عظیم شخصیت امام خمینیؒ کی برسی منائی جارہی ہے، لہذا سکردو میں بھی اہم تقریبات ہوں گی۔
امام جمعہ سکردو نے مزید کہا کہ امام خمینی رحمۃ اللّٰہ علیہ عالم اسلام کے عظیم اور مدبر رہنما تھے، ان کی خدمات کو ہمیشہ یاد رکھا جائے گا۔
انہوں نے فلسطین کی صورتحال پر تشویش کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ فلسطین میں ظلم و بربریت کی انتہا کی جارہی ہے۔ غاصب اور قابض اسرائیل درندگی کی انتہا کررہا ہے۔
انہوں نے اقوام عالم پر اتحاد و وحدت کے حوالے سے زور دیا اور کہا کہ مسلمان باہمی اتحاد و اتفاق کے ذریعے اسلام دشمن طاقتوں کے سامنے سیسہ پلائی ہوئی دیوار بن جائیں۔
علامہ شیخ محمد حسن جعفری نے رہبرِ انقلابِ اسلامی کے حالیہ مغربی یونیورسٹیوں کے طلباء کے نام خط پر اظہارِ خیال کرتے ہوئے کہا کہ رہبرِ معظم انقلابِ اسلامی حضرت آیت اللہ العظمٰی سید علی خامنہ ای کی جانب سے امریکہ کے تعلیمی اداروں میں زیر تعلیم طلبہ کے نام لکھے گئے مکتوب کے بعد، دنیا میں ہلچل مچ گئی ہے اور وہاں بھی انقلاب کیلئے راہیں ہموار ہورہی ہیں۔
انہوں نے مزید کہا کہ تعلیم کے ساتھ ساتھ ہمیں اپنے بچوں کی تربیت پر بھی توجہ دینے کی ضرورت ہے، کیونکہ تربیت کے بغیر حاصل کی گئی تعلیم کا کوئی فائدہ نہیں ہے۔
علامہ شیخ محمد حسن جعفری نے کہا کہ آج کل کچھ ایسے معاملات سامنے آرہے ہیں، جو ہم سب کیلئے باعث ندامت ہیں۔ خدا را عوام الناس اپنے اردگرد کے ماحول پر کڑی نگاہ رکھیں، ورنہ معاشرہ تباہ و برباد ہو جائے گا۔ انہوں نے مزید کہا کہ ہم سکردو میں خواتین کے لئے دور حاضر کے تقاضوں کے مطابق ایک الگ یونیورسٹی قائم کرنے جارہے ہیں، جس کے لئے عمائدین چھومک نے پچاس کنال زمین عطیہ کر دی ہے۔
علامہ شیخ جعفری نے خواتین کی یونیورسٹی کی تعلیمی خصوصیات بیان کرتے ہوئے کہا کہ اس یونیورسٹی میں تعلیم کے ساتھ بچیوں کی دینی اور اخلاقی تربیت کا بھی خصوصی انتظا کیا جائے گا، تاکہ جدید دور کی برائیوں سے انہیں محفوظ رکھا جاسکے۔