سابق عراقی وزیراعظم عادل عبدالمہدی نے ایرانی عبوری وزیرخارجہ سے ملاقات کے دوران شہید صدر رئیسی اور شہید عبداللہیان کی شہادت پر تعزیت پیش کی اور مختلف معاملات پر تبادلہ خیال کیا۔

مہر خبررساں ایجنسی کی رپورٹ کے مطابق، عراق کے سابق وزیراعظم عادل عبدالمہدی نے شہید صدر رئیسی اور ان کے ساتھی شہداء کی تعزیت کے لئے ایران کا دورہ کیا اور ایرانی حکام سے ملاقات کی۔

انہوں نے وزارت خارجہ میں ایرانی عبوری وزیرخارجہ علی باقری کنی سے بھی ملاقات کی۔

علی باقری کنی نے عراقی سابق وزیراعظم کے ساتھ ملاقات کے حوالے سے کہا ہے کہ عادل عبدالمہدی کے ساتھ غزہ میں صہیونی حکومت کی جارحیت اور خطے کے دیگر مسائل پر بات چیت ہوئی۔

اس موقع پر دونوں رہنماوں نے باہمی تعلقات پر اطمینان کا اظہار کرتے ہوئے مختلف شعبوں میں تعاون کو مزید بڑھانے پر اتفاق کیا۔

یاد رہے کہ شہید صدر رئیسی اور ان کے قافلے کو مشرقی آذربائیجان کے دورے کے دوران فضائی حادثہ پیش آیا تھا جس میں ہیلی کاپٹر میں سوار تمام افراد شہید ہوگئے تھے۔

شہید صدر رئیسی اور ان کے ساتھی شہداء کو کئی شہروں میں لاکھوں افراد کی موجودگی میں تشییع کے بعد مختلف شہروں میں سپرد خاک کیا گیا تھا۔