غزہ کے مختلف علاقوں میں فلسطینی مجاہدین کے حملوں میں زخمی ہونے والے صہیونی فوجیوں کی تعداد 11 ہوگئی ہے۔

مہر خبررساں ایجنسی نے الجزیرہ کے حوالے سے کہا ہے کہ غزہ کے مختلف علاقوں میں فلسطینی مجاہدین کی جانب سے صہیونی فورسز پر جوابی حملے جاری ہیں۔

تفصیلات کے مطابق غزہ پر اسرائیلی فورسز کی بربریت کے جواب میں فلسطینی مقاومتی جوانوں نے گذشتہ چوبیس گھنٹوں کے دوران مختلف علاقوں میں جوابی کاروائی کرتے ہوئے متعدد صہیونی فوجیوں کو زخمی کردیا ہے۔

صہیونی فوج نے ایک بیان میں اعتراف کیا ہے کہ فلسطینی مجاہدین کے ساتھ تصادم کے واقعات میں گذشتہ 24 گھنٹوں کے دوران مجموعی طور پر 11 اسرائیلی فوجی زخمی ہوگئے ہیں۔

اس سے پہلے اسرائیلی فوج نے ایک بیان میں طوفان الاقصی آپریشن کے دوران صہیونی فورسز کے نقصانات کی تفصیلات بتاتے ہوئے کہا تھا کہ 7 اکتوبر سے اب تک مجموعی طور پر 3305 فوجی مجاہدین کے ہاتھوں زخمی ہوگئے ہیں۔

قابل ذکر ہے کہ مبصرین کے مطابق اسرائیلی فوج کے نقصانات اس سے کہیں زیادہ ہے۔ اسرائیل اپنے نقصانات کے بارے میں حقائق کو کبھی سامنے نہیں لاتا ہے۔ صہیونی حکومت عوام کو اپنی شکست کے بارے میں بتانے سے گریز کرتی ہے۔