مہر خبررساں ایجنسی کی رپورٹ کے مطابق، ایرانی وزارت خارجہ کے ترجمان ناصر کنعانی نے شام کے صوبہ حلب کے علاقوں پر گذشتہ رات صیہونی حکومت کے فضائی حملوں کی شدید مذمت کی جس کے نتیجے میں بعض شامی فوجی اور عام شہری شہید ہوئے۔
انہوں نے شام کی حکومت اور عوام بالخصوص فضائی حملوں میں شہید ہونے والوں کے اہل خانہ سے تعزیت کا اظہار کرتے ہوئے اس بات پر زور دیا کہ یہ حملے بین الاقوامی قوانین کی صریح خلاف ورزی کے ساتھ ساتھ شام کی خود مختاری اور ارضی سالمیت کی بھی خلاف ورزی اور علاقائی اور بین الاقوامی امن و سلامتی کے لیے سنگین خطرہ ہیں۔
کنعانی نے کہا کہ عالمی برادری اور اقوام متحدہ کی سلامتی کونسل کو صیہونی حکومت کو جارحیت سے روکنے کے لئے اس رجیم کا مواخذہ کرنا چاہیے۔
ایرانی وزارت خارجہ کے ترجمان نے کہا کہ خطے کی سلامتی کو کئی سالوں سے خطرات کا سامنا ہے۔ صیہونی رجیم کے حملے شام کے دہشت گرد گروہوں کے اس ملک کے خلاف حملوں کے ساتھ مکمل ہم آہنگ ہیں جو کہ دہشت گرد صیہونی حکومت کی شام میں موجود دہشت گرد گروہوں کی حمایت کا واضح ثبوت ہے جنہوں نے عرب ملک کی قومی سلامتی کو نشانہ بنایا ہے۔
ناصر کنعانی نے غزہ کی پٹی میں غاصب صیہونی حکومت کی شکست کا ذکر کرتے ہوئے کہا کہ شام پر جارحانہ حملے فلسطینی قوم کے سامنے اس حکومت کے شکست خوردہ امیج کو بحال کرنے اور خطے میں بحران کو وسعت دینے کی ایک مایوس کن کوشش ہے۔ جب کہ مزاحمتی گروہوں کی جانب سے ان جارحانہ اقدامات کا مقابلہ کرنا جو خطے کی سلامتی اور استحکام کی خلاف ورزی کرتے ہیں ایک بین الاقوامی اور عالمی ذمہ داری ہے۔